سی اے ماہرین کا معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار - مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-02

سی اے ماہرین کا معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار - مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو

حیدرآباد
یواین آئی
مرکزی وزیر و شہری ترقیات و پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ کاسٹ مینجمنٹ اور اکاؤنٹنگ کے پیشہ ورانہ ماہرین ، ملک کی معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ شلپا کلاوید یکا میں دو روزہ56ویں نیشنل کاسٹ کنونشن2015کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کا اثاثہ اس کے انسانی وسائل ہیں۔ ملک کی60فیصد آبادی25تا35سال کی عمر کے گروپ سے تعلق رکھتی ہے ۔ اگر ان نوجوانوں کی مہارتوں کو بہتر بنایاجائے تو ہم دنیاکو سب سے اعلیٰ افرادی طاقت کے وسائل سربراہ کرسکتے ہیں ۔ انتخابات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بار بار انتخابات نے سیاستدانوں کو پسپا کردیا ہے ۔ گزشتہ ماہ تک بھی انتخابات ہوتے رہے ۔ اب دہلی میں انتخابات ہوں گے اور چند ماہ میں کہیں اور ہوں گے ۔ میں انتخابات کے ایک ہی وقت انعقاد کے سابقہ نظام کو ترجیح دیتا ہوں ۔، مقامی اور پارلیمانی انتخابات5سال میں ایک مرتبہ ایک ساتھ منعقد ہونے چاہئے ۔ مجھے امید ہے کہ ایسا سسٹم پھر واپس آئے گا ۔1957سے قبل انتخابات ایک ہفتہ میں ختم ہوجاتے تھے اور اب اس کے لئے ایک ماہ درکار ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم مہنگی ہوتی جارہی ہے ۔ اس کے لئے کاسٹ مینجمنٹ کی ضرورت ہے ۔ ہمیں سابقہ حکومت سے خراب معیشت ورثہ میں ملی ہے۔ ہمیں فروغ پانے کے لئے10سال کا وقفہ چاہئے۔ ہمیں نقصان کی پابجائی کے لئے سخت محنت کی ضرورت ہے ۔ مودی کی حکمرانی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے6دہے بعد بھی 57فیصد آبادی بینکنگ خدمات سے مستفید نہیں ہوسکی ۔ اس بات کو محسوس کرتے ہوئے دھن یوجناشروع کی جس کو زبردست مقبولیت حاصل ہوئی ۔ اب11.50کروڑ لوگ بینک کھاتہ رکھتے ہیں ۔ 25کروڑ خاندانوں میں سے21کروڑ کے بینک کھاتے ہیں ۔ مختصر سے وقت میں ہم نے اس کو ممکن بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں شرح فروغ2015-16میں3.5فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔ چین میں یہ شرح3.7فیصد ہے اور ہندوستان میں ہم نے7فیصد کا نشانہ مکمل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اس کی اپنی طاقت کے باعث جاناجاتا ہے۔ مستقبل ہندوستان کا ہوگا، ہندوستان، بہت جلد دنیا کی7ویں بڑی معیشت ہوگا ۔ ہمیں چاہئے کہ انسانی سرمایہ کو تیاری اور انفراسٹرکچر میں استعمال کریں ۔ زمانہ قدیم میں ایک گھریلو خاتون اپنی کفایت سے گھر میں اکاؤنٹنٹ پر وفیشنل کا رول انجام دیتی تھی ۔ زراعت ہمارا بنیادی تمدن تھا ۔ اب زرعی مصارف بڑھتے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں زراعت بھی بس کی بات نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ شہروں کا رخ کررہے ہیں۔کاسٹ مینجمنٹ اور کاؤنٹنگ پروفیشنلس تعمیری تجاویز پیش کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ کاسٹ اکاؤنٹنگ پروفیشنلس کے مسائل کو وہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے رجوع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات لانے میں وقت لگے گا ۔ بہت زیادہ توقعات کی جارہی ہیں۔ مودی سخت محنت کررہے ہیں ۔ محرک اقلیت ، خاموش اکثریت میں مداخلت نہیں کرسکتی ۔ قبل ازیں وینکیا نائیڈو نے اس موقع پر خصوصی سوونیر کی رسم اجراء انجام دی ۔ اس موقع پر سی ایم اے اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک انٹر پرائزس نے ایک یادداشت مفاہمت کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو کی موجودگی میں دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

CA Experts key role in economic growth Union Minister Venkaiah Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں