اعظم خان کو اراضی الاٹمنٹ کا مسئلہ اٹھایا جائے گا - بی ایس پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-18

اعظم خان کو اراضی الاٹمنٹ کا مسئلہ اٹھایا جائے گا - بی ایس پی

لکھنو
پی ٹی آئی
سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کے ٹرسٹ کے لئے رامپور میں اراضی الاٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بی ایس پی نے آج کہا کہ وہ اتر پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں یہ مسئلہ اٹھائے گی ، جس کا کل سے آغاز عمل میں آرہا ہے ۔ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن نسیم الدین صدیقی نے یہاں کہا کہ ٹرسٹ کو اراضی کا الاٹمنٹ غیر قانونی ہے ۔ اگر ایوان کی کارروائی کو مختصر نہ کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق چلایاجائے تو ہم یہ مسئلہ اٹھائیں گے ۔ گورنر رام نائک کے خلاف سینئر ریاستی وزیر(اعظم خان) کے بیانات پر صدیقی نے کہا کہ ریاستی وزیر کو لوگوں کا مذاق اڑانے کی عادت ہے اور یہ نہیں کہاجاسکتا کہ وہ کب اور کہاں کیا کہیں گے۔ صدیقی ریاستی حکومت کی جانب سے اعظم خان کے ٹرسٹ کو سالانہ100روپے کی شرح سے93سالہ لیز پر اراضی الاٹ کیے جانے سے متعلق سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ یہ اراضی جوہر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کے لئے الاٹ کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ایوان کی کارروائی کے لئے طویل شیڈول مختص کررہی ہے ، لیکن ہوتا یہ ہے کہ صرف رسمی کاررائیوں کی تکمیل کے بعد سیشن کو مختصر کردیاجاتا ہے ۔ کئی مرتبہ حکومت کو اپوزیشن سے بھی اطلاعات موصول ہوتی ہیں۔ جب ہم حکومت میں تھے تو ہمیں بھی ایسی اطلاعات ملتی تھیں ۔ صدیقی نے کہا کہ تمام مسائل چاہے وہ کسی پارٹی کے خلاف ہی کیوں نہ ہوں، اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی کے سابق وزیر نے سماج وادی پارٹی قائدین کو غنڈہ قرار دیا جو ان کے آبائی مقام باندہ میں زیادہ بوجھ لدے ہوئے ٹرکوں سے جبری وصولی کرتے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک ریاستی وزیر کے رشتہ دار ان غنڈوں سے ملے ہوئے ہیں۔ ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن سوامی پرساد موریہ نے کہا کہ ان کی پارٹی نظم و ضبط ، زہریلی شراب سے ہونے والی اموات ، ڈھانچوں کی دستیابی، نیشکر، دھان اگانے والوں کو لاحق مسائل اور سوائن فلو جیسے مسائل اٹھائے گی۔

BSP to raise allotment of government land to Azam Khan's trust in Uttar Pradesh House

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں