دہلی اسمبلی انتخابی نتائج پر سارے ملک کی نظریں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-10

دہلی اسمبلی انتخابی نتائج پر سارے ملک کی نظریں

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی کے اہم اسمبلی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی منگل کو ہوگی اورقطعی نتائج امکان ہے کہ دوپہر ایک بجے تک دستیاب ہوجائیں گے ۔ ان انتخابات میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان راست مقابلہ ہے ۔ دہلی الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کے لئے وسیع انتظامات کئے ہیں جو سخت سیکوریٹی میں شہر کے14مراکز پر ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی صبح8بجے شروع ہوگی اور تمام نتائج دوپہر ایک بجے تک سامنے آجائیں گے ۔ دہلی پر کنٹرول حاصل کرنے کی لڑائی میں پرجوش عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کو سخت مقابلہ دیا ہے ۔ تمام اکزٹ پولس میں عام آدمی پارٹی کو بی جے پی پر واضح برتری کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور بعض پولیس میں تو70رکنی اسمبلی میں آپ کو53نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ بی جے پی نے تمام اکزٹ پولس کو مسترد کردیا ہے اور16سال بعددہلی پر دوبارہاقتدار کرنے کا یقین ظاہر کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے بی جے پی کی امید وار کرن بیدی نے کہا ہے کہ ہار اور جیت دونوں صورتوں میں وہ ذمہ داری قبول کریں گی ۔بیدی کے اس بیان کو پارٹی کے لئے غیر موافق نتائج کی صورت میں وزیر اعظم نریندر مودی کو اس سے بے تعلق رکھنے کی کوشش سمجھاجارہا ہے جنہوں نے دہلی اسمبلی انتخابات کی مہم میں سر گرمی سے حصہ لیا اور کئی ریالیوں سے خطاب کیا ۔ بی جے پی نے کل کہا کہ اسے34تا38نشستیں حاصل ہوں گی ۔ان انتخابات میں جملہ673امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ رائے دہی کے لئے جملہ12,177مراکز قائم کئے گئے تھے جن میں سے714کو حساس191کونہایت حساس قرار دیا گیاتھا ۔ ان انتخابات کونریندرمودی حکومت کی کارکردگی پر ریفرنڈم بھی سمجھاجارہا ہے ۔دہلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی کامیابی کی پیش قیاسیوں کے پس منظر میں آج پارٹی کارکنوں کی جانب سے طلب میں اضافہ پر دارالحکومت میں جھاڑو کی قیمت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔ جھاڑو کی قیمت جو مختلف بازاروں میں40تا60روپے کے درمیان تھی ، فروخت میں اضافہ کے باعث کم ازکم100 روپے ہوگئی ہے ۔دہلی کی گول مارکٹ کے ایک دکاندار نے کہا کہ کل رات میری دکان میں کچھ جھاڑوتھیں، اب آپ ایک بھی نہیں دیکھ سکتے ۔ میں نے آخری جھاڑو120روپے میں بیچی۔جھاڑو عام آدمی پارٹی کا انتخابی نشان ہے ۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب ایک ایسے وقت جب کہ تمام اکزٹ پ ولس میں دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی پیش قیاسی کی گئی ہے، پارٹی کے قائدین کا ایک اجلاس ہوا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پارٹی کارکنوں کے حوصلے بڑھانے کی کوشش کی گئی ۔ دہلی بی جے پی کے صدر ستیش اپادھیائے نے کہا کہ وہ اکزٹ پولس کے نتائج کو چیالنج کرنا نہیں چاہتے لیکن انہیں یقین ہے کہ پارٹی حکومت تشکیل دے گی۔ اپادھیائے نے بی جے پی قائدین آر پی سنگھ، پربھات جھا، رام لال ، شاذیہ علمی اور دوسروں سے آج شام ملاقات کی ۔ تاہم دوپہر میں پارٹی کا دفتر سنسان نظر آرہا تھا اور صرف چندپارٹی کارکن ہی دیکھے گئے جو اکزٹ پولس کے رجحانات کے بارے میں بات چیت کررہے تھے ۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب عام آدمی پارٹی کے مسرور سربراہ اروند کجریوال نے پارٹی کے والینٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے اور تصویریں بنواتے ہوئے آج کہا ہے کہ انہیں دہلی اسمبلی کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کا یقین ہے۔ ووٹوں کی گنتی سے ایک دن قبل کجریوال نے اپنے نئی دہلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے والینٹرس اورحامیوں کی بڑی تعداد سے شام تقریباًچھ بجے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ملاقات کی۔ کجریوال نے اس موقع پر پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں واضح اکثریت حاصل کرنے کا یقین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کاسہرا49روزہ حکومت کے دورانہمارے کام اور عوام کے سر جاتا ہے۔ اگر پارٹی کے والینٹرس کا جوش وخروش کوئی پیمانہ ہے تو دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بننا یقینی ہے ۔ تمام اکزٹ پولس میں پارٹی کی کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کجریوال نے کچھ دیر بالیکا ودھو سیریل کی اداکارہ سمیتا بنسل سے ملاقات کی جو حال ہی میں پارٹی میں شامل ہوئیں۔ وہ فلمساز انوبھو سنہا، پارٹی کی ممبئی یونٹ کے سابق سکریٹری پریتی شرما مینن اور بعض دوسرے سے بھی ملے ۔ اس دوران عام آدمی پارٹی منگل کو ووٹوں کی گنتی کے دن جشن منانے کی تیاری کررہی ہے ۔ پٹیل نگر علاقہ میں واقع پارٹی دفتر پر بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ امکان ہے کہ پارٹی لیڈر کجریوال منگل کی صبح پٹیل نگر کے دفتر پہونچیں گے اور نتائج کے اعلان کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔

نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب دہلی اسمبلی کے انتخابات میں شکست کی پیش قیاسی اگزت پولس میں کی گئی ہے اور انتخابات کے نتائج بھارتیہ جنتا پ ارٹی پر اثر انداز ہوں گے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے تعلق سے جو تاثر تھا وہ جاتارہے گا ۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ انتخابات میں نریندر مودی کا سحر چل نہ سکا ، اگرچہ کہ بھارتیہ جنتا پ ارٹی نے اعلان کیا تھا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج نریندر مودی حکومت کی کارکردگی کے لئے ریفرنڈم نہیں سمجھے جائیں گے لیکن بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ نتائج کا اثر برسر اقتدار پارٹی کی مقبولیت پر پڑے گا اور پارٹی کو دھکا لگے گا۔70رکنی دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا منگل کو اعلان کردیاجائے گا ۔ مذکورہ انتخابات میں کہیں زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ ہفتہ کو پولنگ کے بعد کئی اگزٹ پولس جاری کئے گئے ۔ جس میں بتایا گیا کہ اروند کجریوال کا عام آدمی پارٹی کو انتخابات میں کامیابی حاصل ہوجائے گی ۔ تاہم بی جے پی تاحال پر امید ہے ۔ سیاسی تجزیہ کار اسوسینی کے رائے نے کہاکہ اگر د ہلی انتخابات کی لڑائی میں بی جے پی کو شکست ہوجائے تو نریند رمودی کے لئے دھکا ہوگا ، کیوں کہ یہ سمجھا جارہا تا کہ بی جے پی کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا اور یہ ناقابل تسخیر ہے۔ جواہرلال نہرو یونیورسٹی کے سابق پروفیسر رائے نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی شکست پارٹی کے صدر امیت شاہ کو شخصی دھکا ہوگا ۔ کیونکہ وہ انتخابی حکمت عملی کے ماہر سمجھے جاتے ہیں ۔ بزرگ صحافی اور سابق سفارتکار کلدیپ نائر نے اس سے اتفاق کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اے اے پی ، بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دے دی تو یہ مودی لہر کے رک جانے کا سگنل ہوگا ۔ سبراٹا مکھر جی جنہوں نے دہلی یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض انجام دئیے ہیں ، کہا کہ بی جے پی کو کانگریس مکتی بھارت (کانگریس آزاد ہندستان) کے نعرہ پر نظر ثانی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اے اے پی نے سستے پانی اور برقی کی سربراہی کا وعدہ کیا، لیکن رائے دہندوں کی توقعات کو پورا کرنے کے لئے وسائل کی ضرورت ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی شکست پارٹی کے لئے بیدار ہونے کا وقت آگیا ہے ۔ اے ایس نرنگ پروفیسر سیاسیات اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی نے یہ بات بتائی۔ کرن بیدی کو چیف منسٹر کے عہدہ کی امیدوار کی حیثیت سے پیش کیاجانا بھی بعض پارٹی قائدین کے لئے ناپسندیدگی کا باعث رہا۔

All eyes set on Delhi Assembly Election Results

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں