بنگلہ دیش میں احتجاجیوں کے خلاف زبردست کارروائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-01

بنگلہ دیش میں احتجاجیوں کے خلاف زبردست کارروائی

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ایک سینئر قائد کو تشدد بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔ دو روز قبل وزیراعظم شیخ حسینہ نے ملک میں نظم و ضبط کی برقراری کویقینی بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو ضروری اقدامات کا حکم دیا تھا ۔ انسداد جرائم ریاپڈ ایکشن بٹالین( آر اے بی) نے گزشتہ شب پر تعیش علاقہ باری دھرا کے ایک مکان میں بی این پی ترجمان روح الکبیر رضوی کو گرفتار کرلیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ روح الکبیر رضوی تشدد بھڑکانے کا آلہ کار تھا ۔ پولیس نے گزشتہ ہفتہ یہ وضاحت کی تھی کہ شورش کے خاتمہ اور اس پر قابو پانے کے لئے مذہبی انتہا پسند جماعت اسلامی اور بی این پی کے تقریباً7ہزار قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ شیخ حسینہ نے پولیس اور آر اے بی کو نظم و ضبط کی صورتحال پر کنٹرول کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے یہ وضاحت کردی تھی کہ عوام کی سیکوریٹی اور ان کی املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دشوار تر اقدامات بلا ہچکچاہٹ کئے جائیں اور آپ کو اس کے تمام اختیارات دئیے جاتے ہیں ۔صدر عبدالحامد نے بھی مماثل ہدایات دیتے ہوئے ہر قیمت پر نظم و نسق کی برقراری کو یقینی بنانے کا حکم دیا تھا ، پولیس نے بتایا کہ آتش زنی اور تخریبی گروہوں سے متعلق مشتبہ افراد کی ایک فہرست از سر نو مرتب کرلی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں سیاست کے نام پر قتل و غارت گری جیسی گھناؤنی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے مشتبہ سر پسندوں کے خلاف کاروائی کا منصوبہ زیر ترتیب ہے۔ روزنامہ پروتھوم آلو(پہلی کرن) نے دریں اثناء بی این پی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد کے پالیسی سازوں کے حوالہ سے بتایا کہ سیکوریٹی عہدیداروں کو صدر اور وزیر اعظم کی ہدایات کے پیش نظر انہوں نے سڑکوں پر اپنی احتجاجی مہم میں شدت کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے ہدایت جاری ہونے سے قبل احتجاجی مہم کے دوران مسافر بردار بسوں پر حملوں اور آتش زنی کے واقعات میں کم از کم21افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔
جھڑپوں میں بھی 20افراد سے زائد لوگ ہلاک ہوگئے یا زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ کارکنوں نے780گاڑیوں کو نقصان پہنچایا یا انہیں نذر آتش کردیا ۔ بعض مقامات پر ریلوے لائنیں بھی اکھاڑ پھینکی گئیں ۔ کل، جنوب مشرقی شہر لکشمی پور میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں نے ایک بس پر حملہ کیا اور دھوئیں سے فضا بھر گئی ، جس کے نتیجہ میں بس ایک کھائی میں گر گئی اور ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ کھل گاؤں علاقہ میں آتشزنی کے ایک واقعہ میں احتجاجیوں نے ایک بس کو آگ لگا دی ۔ اس واقعہ میں5مسافرین جھلس گئے ۔ اب تک تشدد اور آتشزنی کے واقعات میں42افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اپوزیشن قائد کی جانب سے ملک گیر احتجاج اور راستہ روکو مہم6جنوری کو شروع ہوئی تھی۔

Action against protesters in Bangladesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں