بنگلہ دیش میں جماعت المجاہدین کے 5 کارکنوں کو سزائے موت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-12

بنگلہ دیش میں جماعت المجاہدین کے 5 کارکنوں کو سزائے موت

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے آج مغربی بنگال میں گزشتہ سال کے بردوان دھماکہ سے مبینہ تعلق رکھنے والے ممنوعہ گروپ جماعت المجاہدین بنگلہ دیش( جے ایم بی) کے5کارکنوں کو سزائے موت سنائی ہے ۔ جے ایم بی کے5عسکریت پسندوں 2007ء میں ایک سرکاری وکیل کے قتل کا الزام ہے ۔ جنوب مغربی ضلع جہالا کاتھی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج عبدالعلیم نے5کے منجملہ جے ایم بی کے3کارکنوں کی موجودگی میں یہ فیصلہ سنایا ۔ ٹی وی اطلاعات میں یہ بات کہی گئی ہے۔ ان پانچوں کو جے ایم بی قائدین بشمول اس کے سربراہ شیخ عبدالرحمن کے خلاف مقدمہ میں حکومت کی پیروی کرنے والے وکیل کے قتل کے لئے قصوروار قرار دیا گیا ہے ۔ اس مقدمہ میں بالآخر شیخ عبدالرحمن کو دو ججوں کے قتل کے لئے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔
بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے آج اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی اپیل کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ وہ بے قصور عوام کے خاطیوں سے بات نہیں کریں گی ۔ حسینہ نے ڈھاکہ کے سرکاری دواخانہ کے دورے کے موقع پر اخباری نمائندوں سے یہ بات چیت کے دوران کہا ’’بات چیت؟ کس کے ساتھ؟ ان قاتلوں کے ساتھ جو عوام کو جلارہے ہیں ؟ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا؟ خیال رہے کہ اپوزیشن کی ہڑتال کے بعد سے تشدد میں بنگلہ دیش میں100افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، جب کہ پٹرول بم حملوں میں زخمی ہوئے افراد زیر علاج ہیں ۔ احتجاجیوں نے مسافر بسوں اور سڑکوں پر حملے کئے تھے۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی خالدہ ضیاء نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے یہ احتجاج شیخ حسینہ کی غیر قانونی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد شروع کیا ہے۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے کہا کہ یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ بے قصور افراد کو پٹرول بموں سے جلا کر ہلاک کیا گیا ہے اور یہ یقین کرنا نہایت مشکل ہوتا ہے کہ اس طرح کی غیر انسانی حرکت کرسکتے ہیں۔ ہم ان افراد پر مقدمہ چلانے کے لئے اقدامات کریں گے ۔

Five Islamist militants JMB sentenced to death in Bangladesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں