حب الوطنی کے جذبہ کے تحت کم برقی خرچ کرنے کو یقینی بنائیں - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-06

حب الوطنی کے جذبہ کے تحت کم برقی خرچ کرنے کو یقینی بنائیں - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کارپوریٹ اور کاروباری اداروں سے کہا کہ وہ ڈائریوں اور کیلنڈرس جیسے تحائف کی جگہ ایل ای ڈی بلبس تحفہ میں دیں اور مقبول و معروف شخصیتوں پر زر دیا کہ وہ ان بلبس کے استعمال کے لئے عوام میں تحریک پید اکریں۔ مودی نے آج یہاں ساؤتھ بلاک میں عام بلب کی جگہ ایک ایل ای ڈی بلب لگا کر اس منصوبہ کا علامتی آغاز کیا ۔ ساؤتھ بلاک میں ایل ای ڈی بلب کے استعمال سے ہر ماہ7ہزار یونٹ برقی کی بچت ہوسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں ڈیویڈ ینڈ ادائیگیوں کے ساتھ ایل ای ڈی بلبس تقسیم کرسکتی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں ، معروف شہریوں اور عام افراد کا اس ضمن میں رول حب الوطنی متصور ہوگا کیونکہ اس سے در آمدی بلوں میں کمی ہوگی اور ماحولیات کا تحفظ ہوگا ۔ بجلی بچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے بیداری پیدا کرنے اور برقی کے کفایتی استعمال کے پیغام کو پھیلانے کے لئے اختراعی طریقے استعمال کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے مینو فیکچر رس سے اپیل کی کہ وہ کوالیٹی پر سمجھوتہ کئے بغیر ایل ای ڈی بلبس تیار کریں ۔ وزیر اعظم نے ضلعی سطح کے اہداف طئے کرنے اور ایک لاکھ سے زائد آبادی والے تمام ٹاؤنس میں اس اسکیم کو ترجیحاً روبہ عمل لانے پر زور دیا ۔ یہ اقدام ملک میں توانائی کے کفایتی استعمال کے پیغام کو عام کرنے کی حکومت کی کوشش کا حصہ ہے ۔ ایل ای ڈی بلبس مروجہ بلبس کے مقابلہ میں50گنا دیر پا ہوتے ہیں ۔ اور ان کی روشنی بھی8تا10گنا زیادہ ہوتی ہے ۔ وزیر اعظم نے ایل ای ڈی بلبوں کو روشنی کا راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بلب کے استعمال سے نہ صرف توانائی کی بچت ہوگی بلکہ خرچ بھی کم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ برقی کی پیداوار کرنے سے زیادہ کفایتی برقی کو بچانا ہے ۔ برقی کی پیداوار تو کوئی کمپنی کرسکتی ہے لیکن برقی بچانے کے لئے کروڑوں لوگوں کی شراکت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی کی بچت کے لئے عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے شعور پیدا کرنے کے لئے مشہور ہستیوں اور ممتاز شہریوں کو آگے آنے کوکہا تاکہ عام جنتا کو اس پر راغب کیاجاسکے ۔ اس تقریب میں دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ وزیر سائنس و ٹکنالوجی ہرش وردھن اور وزیر برقی پیوش گوئل اور دہلی کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے ۔ تقریب میں وزیر اعظم نے دہلی کے صارفین کے لئے ایل ای ڈی بلب حاصل کرنے کے واسطے رجسٹریشن کے لئے ایک ویب نظام کا بھی افتتاح کیا ۔کوئی بھی صارفWWW.DDSLINDA.ORG/DDLHI_LAUNCHویب سائٹ سے یا ایک مقررہ نمبر پر ایس ایم ایس کرکے بھی یہ بلب حاصل کرسکتا ہے ۔ شروع میں یہ بلب دس روپے میں ملے گا سال بھر میں صارفین کو برقی بل سے دس دس روپے کٹیں گے ۔ بازار میں اس کی قیمت350سے600روپے ہے ۔ بلب کی وارنٹی تین سال کی ہوگی اور ہر بلب پر برقی کے بل میں162روپے کی بچت ہوگی۔2016تک یہ منصوبہ ملک کے100شہروں میں مکمل ہوجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں