پاکستانی کشتی کے مسئلہ پر کانگریس کی گندی سیاست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-06

پاکستانی کشتی کے مسئلہ پر کانگریس کی گندی سیاست

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پاکستانی کشتی کے مسئلہ پر گندی سیاست کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی نے آج مطالبہ کیا کہ اس کے نائب صدر راہول گاندھی یہ وضاحت کریں کہ آیا وہ ان پارٹی قائدین کی حمایت کرتے ہیں جو پاکستان کی زبان بول رہے ہیں۔ بی جے پی نے کہا کہ راہول گاندھی کو جنہوں نے اس مسئلہ پر اب تک خاموشی اختیار کی ہے، ایک امکانی دہشت گرد حملہ کو ٹالنے سیکوریٹی فورسس کے رول کی تائید میں آگے آنا چاہئے تھا ۔ راہول گاندھی خاموشی اختیار کرتے ہوئے کانگریس کے ان ترجمانوں کی تائید کررہے ہیں جنہوں نے اس معاملہ میں سیکوریٹی ایجنسیوں کے رول پر سوالیہ نشان لگائے ہیں، جو نئے سال کی رات گجرات کے ساحل سے دور پیش آیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سارا ملک26/11طرز کے حملہ کو ناکام بنانے کے سلسلہ میں سیکوریٹی فورسس کے رول کی تائید کررہا ہے ، ،لیکن کانگریس چوکس سیکوریٹی فورسس کے رول کی نفی کررہی ہے ۔وہ دہشت گردی کے اس مسئلہ پر گندی سیاست کررہی ہے ۔ راہول گاندھی کو یہ وضاحت کرنی چاہئے کہ آیا وہ اپ نے ان ترجمانو ں کی حمایت کرتے ہیں جو دہشت گردوں اور پاکستان کے کاز کی تائید کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری شری کانت شرما نے یہاں نامہ نگاروں کو یہ بات بتائی ۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کانگریس قائدین کے تبصروں سے سیکوریٹی فورسس کے حوصلے پست ہورہے ہیں جو ملک کی زمینی و سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لئے مسلسل چوکسی برت رہے ہیں ۔ شرما نے کانگریس کے خلاف کھل کر بیان دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے گندی سیاست کے سلسلہ میں اسے لوک سبھا انتخابات میں سزا دی ہے جس کے بعد اپوزیشن جماعت اب دہشت گرد حافظ سعید کی زیر قیادت پاکستان میں انتخابات میں مقابلہ کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات میں سخت ہزیمت کے بعد اور ا س کے قائدین کی موافق پاکستان زبان کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کانگریس پاکستان میں حافظ سعید کی زیر قیادت انتخابات میں انتخابات میں مقابلہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے کیونکہ خود پارٹی میں قیادت کا بحران پایاجاتا ہے ۔ شرما نے کانگریس قائدین پر الزام عائد کیا کیا کہ انہوں نے ماضی میں بھی دہشت گردوں کی تائید میں بات چیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے مسئلہ پر سیاست کی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ نئے سال کی رات کوسٹ گارڈ نے بحیرہ عرب میں ایک پاکستانی ماہی گیری کشتی کو روکنے کی کوشش کی تھی جس میں مبینہ طور پر دھماکو مادہ بھرا ہوا تھا ، لیکن وزارت دفاع کے بیان کے مطابق اس کشتی پر سوار چاروں ارکان عملہ للکارے جارنے پر عرشہ کے نیچے چلے گئے اور دھماکو سے اڑا دیا۔ ذرائع ابلاغ کے ایک گوشہ میں شائع ہونے والی اطلاعات میں اس واقعہ کے بارے میں سرکاری بیان پر سوالیہ نشانات لگائے گئے تھے اور کانگریس نے حکومت کو اس مسئلہ پر اپنے موقف کی وضاحت کرنے کے لئے کہا تھا۔

Pakistan boat row: Congress playing dirty politics, Rahul Gandhi should clarify, says BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں