مغربی گوداوری میں اسمارٹ ولیج اسمارٹ وارڈ پروگرام کا وزیر اعلیٰ نائیڈو کے ہاتھوں آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

مغربی گوداوری میں اسمارٹ ولیج اسمارٹ وارڈ پروگرام کا وزیر اعلیٰ نائیڈو کے ہاتھوں آغاز

ایلورو
پی ٹی آئی
چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ضلع مغربی گوداوری کے ایک موضع میں اسمارٹ ولیج اسمارٹ وارڈ پروگرام کا افتتاح کیا۔ انہوں نے7مواضعات پر مشتمل18کلو میٹر طویل پدیاترا بھی شروع کی ۔ اسمارٹ ولیج اسمارٹ وارڈ پروگرام ، چندرا بابو نائیڈو کے ذہن کی اختراع ہے جس کا مقصد جامع ترقی کے لئے ہر موضع کے عوام کی شمولیت اور مواضعات کے عوام کی ترقی کے لئے منصوبہ بنانا ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت خصوصاً تعلیم، صحت ، پینے کا پانی ، سڑکیں مواصلاتی نیٹ ورک ، مہارت کا فروغ اور دیگر امور کا احاطہ کیا جائے گا ۔ اس پروگرام می کارپوریٹ اداروں، بزنس ہاؤزس ، این آر آئیز اور دیگر کو شامل کیاجائے گا ۔ مغربی گوداوری میں آج صبح موضع ویلی وینو میں چندرابابو نائیڈو نے پروگرام کا افتتاح کیا۔ قبل ازیں انہوں نے عوام سے کہا کہ جو لوگ مواضعات سے بیرون ملک نقل مقام کئے ہوں انہیں اپنے آبائی مقام کے فروغ میں حصہ لینا چاہئے ۔ اس اعلان کے ر د عمل پر کئی افراد نے اپنے آبائی مواضعات کی ترقی میں شریک ہونے کا اعلان کیا ۔ تلگو دیشم کے بانی و سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ کی19ویں برسی کے موقع پر یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے آج این ٹی راما راؤ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے دیہاتیوں سے تبالہ خیال کرتے ہوئے موضع کی موجودہ حالت اور اس کی ترقی کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں عوام سے دریافت کیا ۔ اس موقع پر دیہاتیوں کی جانب سے اپنے فنڈس سے تعمیر کردہ کمیونٹی ہال کا بھی انہوں نے افتتاح کیا ۔
دریں اثناء چیف منسٹر نے اس موضع سے ہی اپنی پدیاترا شروع کی۔ وہ ستی پیٹ ، تلاپالم، سنگاورم ندادوولو،چوولو مواضعات کی پدیاترا کرتے ہوئے برہما نگو دم پہنچیں گے ، جہاں وہ عوامی ریالی سے خطاب کریں گے۔ یو این آئی کے بموجب چیف منسٹر چندرا بابو نائیدو نے موضع ویلووینو سے18کلو میٹر طویل پدیاترا کا آغاز کیا۔ یہ اسمارٹ ولیج، اسمارٹ وارڈ پروگرام کا ایک حصہ ہے ۔ دیہاتی علاقوں کی ترقی کے لئے ریاستی حکومت کا یہ اولین پروگرام ہے ، جس کو روبہ عمل لایاجارہا ہے ۔ سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ کی برسی کے موقع پر مجسمہ کی گلپوشی کے بعد چیف منسٹر نے پدیاترا شروع کی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ ولیج ، اسمارٹ وارڈ پروگرام کے تحت12918مواضعات ، 3465وارڈز اور16383مقامات کا احاطہ کیاجائے گا ۔ اس نظریہ کے تحت صنعتکاروں ، فلم اداکاروں ، این آر آئیز ، این جی اوز اور دیگر افراد دیہاتوں کو ترقی دینے کے لئے اپنائیں گے ۔

زراعت کو بہتر بنانے اے پی کا اکریساٹ سے معاہدہ
دریں اثنا حیدرآباد سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب حکومت آندھر اپردیش نے انٹر نیشنل کراپ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فارسیمی ۔ اریڈٹراپکس(ایکریساٹ) کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کرتے ہوئے زراعت کو مستحکم اور نفع بخش بنانے میں تعاون طلب کیا۔ ریاستی حکومت نے بتایا کہ اکریساٹ کے ساتھ معاہدہ، زراعت اور مربوط شعبوں کی پیداوار یت میں اضافہ کرنے حکومت کے منصوبہ کا ایک حصہ ہے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی موجودگی میں اسپیشل چیف سکریٹری( پلاننگ) ایس پی ٹکراو اکریساٹ کے ڈائرکٹر جنرل ڈیوڈ برگ ونسن نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے ۔ معاہدہ کے تحت دنیا بھر سے بہترین ٹکنالوجی آلات اور سائنٹفک طریقوں سے زرعی شعبہ کی ابتدائی سرگرمیوں میں تعاون کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے حوالہ سے ریاستی حکومت نے یہ با ت بتائی۔معاہدہ کے ایک حصے کے طور پر اکریساٹ ، زراعت کے ابتدائی مشن کے لئے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے تحقیق و فروغ کا اکام انجام دے گا ۔ اضلاع میں سائٹس قائم کیے جائیں گے ۔ اکریساٹ ، سی جی آئی ، اے آر مراکز جیسے انٹر نیشنل لائیو اسٹاک ریسرچ سنٹر( آئی ایل آر آئی) انٹر نیشنل رائس ریسرچ سنٹر(آئی آر آر آئی) انٹر نیشنل واٹر مینجمنٹ( آئی ڈبلیو ایم آئی) ایشیا ویجیٹیبل ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سں ٹر ، ورلڈ فش سنٹر اینڈ انٹر نیشنل فوڈ پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ،(آئی ای پی آر آئی) کے لئے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات فراہم کرے گا ۔ عالمی اداروں کے اس کنسورشیم سے کسانوں کے مفاد کے لئے علاقائی و قومی ریسرچ ادارے قائم ہوں گے ۔ اکریساٹ تفصیلی منصوبوں کی تیاری اور مشن کو روبہ عمل لانے رہنمائی اور ٹیکنیکل تعاون کے علاوہ تال میل مشن کی سہولت بھی فراہم کرے گا ۔13اضلاع میں ابتدائی سائٹس پر انسٹی ٹیوٹ قائم ہوں گے ۔ ہر سائیٹ کا رقبہ10ہزار ہیکٹر ہوگا ۔ یہاں زراعت کے لئے آب و ہوا کی جانچ اور فروغ کے لئے سہولت فراہم کی جائے گی ۔ اس کا مقصد پیداواریت اور منافع کو بہتر بنانا ہے ۔ ایکریساٹ ، ریاست میں مٹی کی جانچ کے لئے لیباریٹریز کو بہتر بنانے پیداوار کے تجزیہ کے لئے بھی مدد فراہم کی جائے گی ۔ پی پی پی طریقہ کار کے رہنمایانہ خطوط کے ذریعہ خانگی انٹر پرینیرس تعاون کریں گے۔ اس سلسلہ میں عالمی سرمایہ کاروں کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

N Chandrababu Naidu launches 'Smart Village-Smart Ward', starts padyatra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں