شمالی ہند میں شدید سردی کا قہر جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-15

شمالی ہند میں شدید سردی کا قہر جاری

لکھنو
ایجنسیاں
شمالی ہند میں برف باری، بارش اور سرد ہواؤں کے باعث گلن بھری سردی کا دور جاری ہے ۔ جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے بالائی علاقوں میں برف باری اورمیدانی علاقوں میں بارش ہونے کے باعث پورا علاقہ شدید سردی کی زد میں ہے ۔ ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں برف باری کی خبریں موصول ہوئی ہیں ۔ وہیں پنجاب ، ہریانہ اور یوپی کے متعدد مقامات پر بارش ہوئی ہے ۔ بارش کے باعث دھوپ نہ نکلنے سے روز مرہ کی زندگی کے معمول پر اثر پڑا ہے ۔ کل رات سے شملہ، نارکنڈا، کفری، منالی اور کئی مقامات پر برف باری ہوئی ۔ ادھر میدانی علاقوں میں بارش اور سرد ہواؤں نے لوگوں کو کپکپا کر رکھ دیا ہے ۔ادھر اتر پردیش سے موصول خبروں کے مطابق ریاست کے مغربی حصوں سے بارش کی خبر موصول ہوئی ہے ۔ جب کہ مشرقی حصوں میں گھنا کہرا چھایا رہا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر نے آج بتایا کہ گلن بھری سردی کا دور ابھی جاری رہنے کا اندازہ ہے ۔ دہلی سے ملحق مغربی اتر پردیش کے کچھ حصوں میں آج بارش ہوسکتی ہے جب کہ لکھنو اور مشرقی حصوں میں موسم صاف رہے گا۔ ان علاقوں میں اگلے چند دنوں تک صبح دھند کے بعد دن میں دھوپ نکلنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ موسم عام طور پر صاف رہنے کے باوجود برفیلی ہوا کی وجہ گلن سے فی الحال راحت ملنے کے آثار نہیں ہیں ۔ بارہ بنکی سے حاصل رپورٹ کے مطابق ضلع میں سردی لگنے سے دو افراد کی موت کی خبر ہے۔ رام سنہی گھاٹ تھانہ علاقے کے بھانپور گاؤں میں کل60سالہ رام آسرے اپنی جھونپڑی میں مردہ پایا گیا ۔ لواحقین کے مطابق اس کی موت سری لگنے سے ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ دھاروپرگاؤں میں دکھرن چالیس سالہ نامی شخص مارکیٹ جارہا تھا، تبھی راستے میں اچانک گر کر اس کی موت ہوگئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی موت سردی لگنے سے ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بھی صوبے کے متعدد مقام دھند کی چار میں لپٹی رہے۔ کچھ جگہوں پر بہت گھنا کوہرا بھی گرا۔ ساتھ ہی کچھ علاقوں میں سرد لہر چلی ۔ اگرچہ گزشتہ24گھنٹے کے دوران ریاست کے میرٹھ، مرادآباد ، الہ آباد اور آگرہ منڈلوں میں کم از کم درجہ حرارت میں اضافہ درج کی گئی جب کہ میرٹھ، لکھنو ، بریلی اور آگرہ میں رات کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا ۔ میرٹھ، گورکھپور ، وارانسی ، فیض آباد اور کانپور میں کم از کم درجہ حرارت معمول سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ24گھنٹے کے دوران ہمیر پور ریاست کا سب سے ٹھنڈا مقام رہا جہاں کم از کم درجہ حرارت 3.2ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

cold wave in north India continues

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں