مرکز میں رام بھکتوں کی حکومت - مرکزی وزیر گڈکری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-22

مرکز میں رام بھکتوں کی حکومت - مرکزی وزیر گڈکری

فیض آباد
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر نتن گڈ کری نے ایک تنازعہ پیدا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکز میں رام بھکتوں اور ان لوگوں کی حکومت ہے جو جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہیں ۔ سینئر بی جے پی لیڈر گڈ کری نے کل ایودھیا کو نیپال کے جنک پور سے جوڑنے والی رام جانکی مارگ کی تعمیر کے حکومت کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نے اتر پردیش کے فیض آباد میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت رام بھکتوں اور ان لوگوں کی حکومت ہے جو جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہیں ۔ اس لئے میں وعدہ کرتا ہوں کہ رام ون گمن مارگ کو قومی شاہراہ میں تبدیل کیاجائے گا اور چا رمہینوں میں یہ کام شروع ہوگا ۔ مرکزی وزیر فیض آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ للو سنگھ کی جانب سے رام ون گمن مارگ کے بارے میں ظاہر کردہ تشویش کا جواب دے رہے تھے ۔ اس سڑک کے ذریعہ ایودھیا کو چتر کوٹ سے جوڑا جائے گا ۔ رامائن کے مطابق لارڈ رام اسی راستے سے بن باس کے لئے چتر کوٹ کے جنگل میں پہونچے تھے ۔ وزیر نے دو ہزار کروڑ روپے کے مصارف سے رام جانکی مارگ کی تعمیر کا اعلان کیا۔ نتن گڈکری نے کہا کہ رام ہمارے آدرش ہیں اور ہم ٹاملناڈو میں رام سیتو کو تباہ نہیں کریں گے ۔ بلکہ اسے فروغ دیں گے۔ اتر پردیش کے وزیر اور سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان نے گڈ کری کے ریمارکس پر طنز کیا اور کہا کہ لارڈ رام کے بھکتوں کی حکومت کو چاہئے کہ وہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کو ہراساں نہ کرے ۔
دریں اثناء پی ٹی آئی کی ایک علحدہ اطلاع کے بموجب کرن بیدی کو دہلی میں پارٹی کا چیف منسٹر کا امیدوار بنانے پر بی جے پی میں اختلافات پیدا ہونے کی خبروں کے درمیان سینئر لیڈر ووزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج دعویٰ کیا کہ پارٹی میں کوئی بحران نہیں ہے اور پارٹی کیڈر دہلی اسمبلی انتخابات کا متحد ہ طور پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران یہ پوچھنے پر کہ آیا بیدی کو امید وار چیف منسٹر بنانے سے دہلی بی جے پی کے بعض قائدین ناراض ہیں ؟ کہا کہ پارٹی میں کوئی بحران نہیں ہے ۔ سب متحد ہوکر انتخابات کا سامنا کریں گے ۔ یاد رہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے دہلی بی جے پی کے دفتر کے روبرو گزشتہ روز کئی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ منظم کیا تھا ۔ سنگھ نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ پارٹی میں اپنے قائدین سے بات کریں اسے مسئلہ نہ بنائیں ۔65سالہ سابق آئی پی ایس عہدیدار نے گزشتہ ہفتہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد پارٹی نے انہیں چیف منسٹر کے عہدہ کا امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔

Nitin Gadkari kicks up row, says we are a government of ‘Ram Bhakts’

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں