کلب جواد اور کاظم علی کو عہدے چھوڑ دینے کا الٹی میٹم - اترپردیش شیعہ وقف بورڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-14

کلب جواد اور کاظم علی کو عہدے چھوڑ دینے کا الٹی میٹم - اترپردیش شیعہ وقف بورڈ

لکھنو
پی ٹی آئی
اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ میں رسہ کشی شدت اختیار کرگئی ہے۔ بورڈ نے معروف عالم دین مولانا کلب جواد اور کانگریسی رکن اسمبلی نواب کاظم علی، کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ دنوں میں موقوفہ جائیدادوں کے’’متولیوں‘‘ کے عہدے چھوڑ دیں بصورت دیگر ان کے خلاف ایف آئی آردرج کرائے جائیں گے ، کلب جواد اور کاظم علی( ایک طرف) اور ریاستی وزیر اعظم خان(دوسری طرف) کے درمیان سخت اختلافات رہے ہیں ۔ یوپی شیعہ وقف بورڈ نے گزشتہ ہفتہ جن27متولیوں کو برطرف کردیا تھا ، ان میں کلب جواد اور کاظم علی شامل ہیں ۔ کلب جواد نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ کارروائی، سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کی ایماء پر کی گئی ہے ۔ کلب جواد نے چیلنج کیا کہ وقف بورڈ ان کے خلاف پولیس سے رجوع ہوکر دکھائے ۔ وہ(کلب جواد) بھی چاہتے ہیں کہ ان کے خلاف’’جھوٹی باتیں‘‘ عدالت میں بے نقاب ہوجائیں ۔‘‘ بورڈ نے کلب جواد اور کاظم علی کے علاوہ سید سیفی کو بھی وارننگ دی ہے ۔ صدر نشین بورڈ وسیم رضوی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’بورڈ نے گزشتہ6جنوری کو منعقدہ اپنے اجلاس میں مختلف موقوفہ جائیدادوں کے27متولیوں بشمول کلب جواد اور کاظم علی کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔ ان متولیوں میں سے کلب جواد اور کاظم علی و نیز سید سیفی نے اپنے عہدے نہیں چھوڑے ہیں ۔ ان تینوں کو ہفتہ ختم ہونے تک اپنے عہدے چھوڑ دینے کے لئے وقت دیا گیا ہے ۔ جس کے بعد ان کے خکلاف19جنوری سے ایف آئی آر درج کرانے کی کارورائی شروع کی جائے گی ۔ ‘‘وسیم رضوی نے بتایا کہ کلب جواد نے 3دن کا وقت مانگا ہے جب کہ کاظم علی کا پتہ نہیں چل سکا جب کہ سید سیفی ، بورڈ کے فیصلہ کے خلاف احتجاج منظم کررہے ہیں ۔ بورڈ کے اقدام پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کلب جواد نے کہا کہ وہ خود چاہتے ہیں کہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرایاجائے ۔ تاکہ میں عدالت میں ان کے جھوٹ و فریب کو بے نقاب کروں ۔ ایک ایسا صدر نشین جس نے استعفیٰ دے دیا ہے، مجھے اور دوسروں کو کیسے ہٹا سکتا ہے ۔ مجھے اور دیگر متولیوں کو بورڈ سے کوئی مجاز مکتوب وصول نہیں ہوا ۔ بورڈ کے ایک کلرک نے ایک مکتوب بھیجا جو ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتا۔ کلب جواد نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ6جنوری کو بورڈ کا کوئی اجلاس نہیں ہوا اور کسی کلر ک کے بھیجے ہوئے مکتوب پر ہم غور نہیں کریں گے ۔

Waqf Board threatens to lodge FIR against Jawwad and Kazim Ali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں