کولکاتا میں 8 ویں کل ہند اردو کتاب میلہ کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-14

کولکاتا میں 8 ویں کل ہند اردو کتاب میلہ کا انعقاد

8ویں کل ہند اردو کتاب میلہ نے پیرکو بین الاقوامی کولکاتا کتاب میلہ کی یاد کو اس وقت تازہ کردیا جب لٹل تھپسین نے اوما جھن جھن والا کی ہدایت میں منشی پریم چند کے افسانہ بڑے بھائی صاحب کو ڈرامہ کی شکل میں اسٹیج پر نہایت انوکھے انداز میں پیش کیا۔ ڈرامہ میں بڑے بھائی کے کردار میں ایک ایسے شخص کو دکھایا گیا جسے ہر وقت پڑھائی کی فکر ہوتی اور گزشتہ4برسوں سے وہ ایک ہی کلاس میں رہتا ہے جب کہ اس کا چھوٹا بھائی کھیل کود میں وقت ضائع کرتا ہے پھر بھی ہر سال اپنی جماعت میں اول مقام حاصل کرتا ہے جس کی وجہ سے بڑے بھائی کی خود اعتمادی میں کمی آتی ہے ۔ اور آخر میں وہ بھی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں بھی حصہ لیتا ہے ۔ اسٹیج پر اداکاری اور دوڑ بھاگ کے دوران اداکار طارق علی نیر کے بائیں پیر کی چھوٹی انگلی لہولہان ہوگئی۔ ڈرامہ کو دیکھنے کے لئے کتاب میلہ کا آڈیٹوریم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔ یہاں تک کہ اکاڈمی کیمپس اور رفیع احمد قدوائی روڈ پر بھی شائقین کے اجتماع سے ٹریفک نظام بھی متاثر ہوا ۔ مغربی بنگال اردو اکادمی نے پہلی مرتبہ8ویں کل ہند اردو کتاب میلہ میں بچوں کو مہمان خصوصی کی حیثیت دی ہے جہاں پہلے بچوں کو اسٹیج کے قریب سے دور کیاجاتا تھا اور بڑوں بزرگوں کو بیٹھنے کے لئے جگہ کی گنجائش نکالی جاتی تھی آج وہی اسٹیج کے قریب لگے صوفہ پر سے بچوں کو اٹھایا نہیں جاتا بلکہ فخریہ انداز میں بزرگ مہمانوں سے کہا جاتا ہے کہ یہ بچے نہیں بلکہ کتاب میلہ کے مہمان خصوصی ہیں ۔ ہر سال کی طرح امسال بھی کتاب میلہ کی رونق کو دوبالا کرنے کے لئے اکیڈمی نے طلباء و طالبات کے لئے مباحثہ کے مقابلے کا اہتمام کیا جس میں کل70درخواست دی گئی اور35سے زائد طلباء وطالبات نے مباحثہ میں حصہ لے کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مباحثہ مقابلہ کو3حصوں میں بانٹا گیا تھا ۔ گروپ۔ اے میں درجہ ہشتم تا دہم کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا جنہیں اکاڈمی کی جانب سے ایک موضوع تعلیمی نصاب میں اخلاقی قدروں کی تعلیم کا اضافہ ناگزیر ہے۔ گروپ۔ بی میں درہ یازدہم اور دوازدہم کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور موضوع، انٹر نیٹ کے اس دور میں کتابی لائبریریوں کی ضرورت ختم ہوتی جارہی ہے ۔ گروپ۔ سی میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور موضوع، اردو میڈیم اسکولوں کے لئے طلبہ کے اعلیٰ تعلیم کا حصول ایک دشوار مرحلہ ہے ۔ قارئین کرام کو یہ جان کر بے حد مسرت ہوگی کہ جن بچوں کو ہم لوگ اردو میڈیم کے بچے سمجھتے ہیں جب وہ اپنی آوازمیں اسٹیج پر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوکر مذکورہ موضوعات پر مقالہ پیش کررہے تھے تو قریب کے اسٹالوں پر بیٹھے ڈاکٹریٹ کے سند یافتہ حضرات بھی بچوں کی سوچ اور ان کی ذہنوں پر ابھرنے والے خیالات پر ششدر تھے ۔5منٹ کے مختصر وقت میں مقالہ پڑھنا ایک مشکل ترین عمل ہے لیکن بے باکی اور ذہانت کا بھرپور مظاہرہ کتاب میلہ کے اسٹیج سے کیا گیا ۔ مقالہ پیش کرنے والوں نے سب سے زیادہ متاثر گروپ سی کے طلباء و طالبات نے کیا۔ بیشتر طلبہ نے اس عنوان پر اپنے جو خیالات مرتب کئے اسے کتابی شکل دئیے جاسکتے ہیں ۔ مباحثہ مقابلہ میں ہر گروپ سے3طلبہ کا انتخاب فرسٹ، سیکنڈ، تھرڈ کے طور پر کیا گیا ہے ۔ اور ایک کونشولیشن انعام بھی رکھا گیا ہے ۔

8th All India Urdu Book Fair at Haji Mohd. Mohsin Square in Kolkata

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں