بی جے پی تلگو دیشم اتحاد برقرار رہے گا - امیت شاہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-10

بی جے پی تلگو دیشم اتحاد برقرار رہے گا - امیت شاہ

وجئے واڑہ
یو این آئی
بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ ہم تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ اتحاد برقرار رکھٰں گے اور دونوں پارٹیاں، مل جل کر کام کرتی رہیں گی ۔ ریاست میں بی جے پی کو مستحکم بنانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ تلگو دیشم پارٹی کو کمزور کیاجائے ۔ امیت شاہ ، یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی کے عوام نے انتخابات میں تلگود یشم ، بی جے پی اتحاد کے حق میں خط اعتماد حوالہ کیا ہے اور یہ اتحاد مستقبل میں بھی مرکز اور ریاست دونوں جگہ برقرار رہے گا ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی ترقی کے لئے تمام تر تعاون کو تیقن دیتے ہوئے کہا کہ اے پی کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے پر غوروخوض کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے لئے پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ اے پی میں45لاکھ نئے پارٹی کارکنوں کی شمولیت کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ، انہوں نے پارٹی کیڈر کو ترغیب دی کہ وہ اپنا مقصد حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کریں تاکہ ریاست میں پارٹی کو مستحکم بنایاجاسکے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ تلگو دیشم پارٹی قائدین بی جے پی میں سینئر کانگریس قائدین کی شمولیت کی مخالفت کررہے ہیں تو امیت شاہ نے جواب دیا کہ بی جے پی قائدین کو اس مسئلہ پر فیصلہ کرنا ہے، تلگو دیشم قائدین کو نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی قائد بی جے پی کے نظریات میں کشش رکھتا ہے اور وہ پارٹی میں شامل ہونے کا خواہاں ہے تو اس کا خیر مقدم ہے۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ ترقی کی سمت ایک نئے قدم کے طور پر مرکز نے نیتی آیوگ کی تشکیل عمل میں لائی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی معاشی ترقی، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں تشکیل حکومت کے اندرون7ماہ،4.7فیصد سے بڑھ5.7فیصد تک پہنچ گئی ہے اور ہندوستان کے بین الاقوامی تعلقات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ممالک ہندوستان کی معاشی پالیسیاں قبول کررہے ہیں۔
مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اے پی میں کانگریس پارٹی کے اخراج کے بعد ایک سیاسی خلا پیدا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کیڈر کو ترغیب دی کہ وہ یہ خلا بی جے پی کے ذریعہ پر کریں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جموں کشمیر میں تشکیل حکومت کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے اس بات کی تردید کی کہ تلگو دیشم قائدین، بی جے پی میں چند سینئر کانگریس قائدین کی شمولیت کی مخالفت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی توجہ مشرقی اور جنوبی ہند کی ریاستوں پر مرکوز کررہی ہے تاکہ پارٹی کو مزید وسعت دی جاسکے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر کامرس نرملا سیتا رمن ، اے پی کے وزیر صحت کے سرینواس ، بی جے پی کے اے پی یونٹ کے صدر اور رکن پارلیمنٹ کے ہری بابو اور رکن پارلیمنٹ جی گنگا راجو بھی موجود تھے ۔ امیت شاہ نے بعد ازاں پارٹی ورکرس کے ایک اجلاس سے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول بی جے پی کے حق میں ہے اور پارٹی7ریاستوں ٹاملناڈو، مغربی بنگال ، اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے بشمول ملک کی7ریاستوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے تاکہ ان ریاستوں میں پارٹی کو مستحکم بنایاجاسکے ۔ وینکیا نائیڈو نے اپنے خطا میں الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی پارلیمنٹ کی کارروائی میں مسلسل رکاوٹ کے لئے ذمہ دار ہے ۔

TDP-BJP alliance will remain intact - Amit Shah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں