سوائن فلو سے نمٹنے تلنگانہ حکومت کا مرکز سے تعاون طلب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-22

سوائن فلو سے نمٹنے تلنگانہ حکومت کا مرکز سے تعاون طلب

نئی دہلی/حیدرآباد
پی ٹی آئی
تلنگانہ میں سوائن فلو کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی حکومت نے آج ایک تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی نئی ریاست کو روانہ کی ہے تاکہ حالات پر قابو پانے کے لئے ریاستی حکومت کی مدد کی جاسکے ۔ اس کے علاوہ ادویہ کی بھاری مقدار جس میں 50ہزار ٹیابلٹس ، 10ہزار خوراک کی شیشیاں اور تجرباتی کٹس شامل ہیں، حیدرآباد روانہ کی جاچکی ہیں جو آج شام تک پہنچ جائیں گی ۔ واضح ہو کہ تلنگانہ میں گزشتہ 20دن کے دوران سوائن فلو سے19افراد کی موت واقع ہوچکی ہے جب کہ27دیگر افراد مختلف سرکاری دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ مرکزی وزیر صحت جے پی ندا نے سوائن فلو کے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزیر صحت ٹی راجیا سے بات چیت کی اور سوائن فلو کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے تمام تر انصرامی اور طبی تعاون کا تیقن دیا ۔ مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ سرکاری احکام میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ کو ایک اعلیٰ سطحٰ ٹیم روانہ کی جارہی ہے تاکہ وہاں مہلک وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیاجاسکے ۔ یہ ٹیم ، ریاستی حکام کو ضروری فنی رہنمائی کرے گی۔ واپسی کے بعد ٹیم اپنی رپورٹ مرکز کو پیش کرے گی ۔ امکان ہے کہ ٹیم کے ارکان کل ریاستی محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں گے اور یہ بھی دیکھیں گے کہ سوائن فلو سے نمٹنے کے لئے تشخٰص دواؤں کی دستیابی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی ہے یا نہیں۔ یہ ٹیم اسپتالوں میں انتظامات کا بھی جائزہ لے گی ۔ مرکزی وزیر صحت جے پی ندا نے بتایا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس کے باوجود ہمیں چوکس رہنا ہوگا اور سوائن فلو کو پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاط برتنی ہوگی ۔ تلنگانہ میں یکم جنوری کے بعد اب تک19افراد فوت ہوچکے ہیں ۔ جبکہ27زیر علاج ہیں اور 35مریض نگرانی میں رکھے گئے ہیں جن پر سوائن فلو سے متاثر ہونے کا شبہ ہے ۔ سوائن فلو ایک موسمی وباء ہے جو کچھ سالوں سے خنزیروں کے علاوہ انسانوں میں بھی پائی جارہی ہیں۔ یہ متعدی بیماری ہے اور متاثرین کے کھانسنے اور چھینکنے سے پھیل سکتی ہے ۔ جے پی ندا نے اپنی وزارت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ملک کی تمام ریاستوں کے حکام کے ساتھ مسلسل ربط میں رہیں تاکہ صورتحال قابو میں رہے اور سوائن فلو کا وائرس مزید پھیلنے نہ پائے ۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے پاس ادویات کا وافر ذخیرہ ہے اور ہنگامی حالات میں انہیں فوری استعمال کے لئے تیار رکھا گیا ہے ۔ قبل ازیں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں سوائن فلو کی سنگین سورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور مہلک وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے مرکز سے تعاون طلب کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندرمودی سے ٹیلی فون پر بات کی اور درخواست کی کہ ایک مرکزی ٹیم تلنگانہ کو بھیجی جائے ۔ اس کے علاوہ ریاست کو طبی امداد کی فراہمی کی بھی انہوں نے درخواست کی ۔ چیف منسٹر کی درخواست پر وزیر اعظم نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ واضح ہو کہ نئے سال میں تا حال19افراد سوائن فلو سے فوت ہوچکے ہیں ۔چیف منسٹر نے اجلاس میں ریاستی محکمہ صحت و طبابت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کو شدت اختیار کرنے سے روکنے میں یہ محکمہ سرگرم نہیں رہا ۔ چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ مرکزی وزیر صحت جے پی ندا سے بھی فون پر بات چیت کی اور سوائن فلو کے پھیلاؤ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے چیف منٹر سکریٹری راجیو شرما سے اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرد موسم میں زیادہ احتیاط برتیں کیونکہ آئندہ20دن تک موسم کی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ اخراجات کی پرواہ کیے بغیر سوائن فلو کے ویکسین کے احتیاطی ٹیکوں کی فراہمی بھی عمل میں لائیں۔ چیف منسٹر نے فیصلہ کیا کہ ریاستی حکومت کو سوائن فلو کے خلاف ایک جنگ کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ شام میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک ہنگامی کابینی اجلاس طلب کیا جس میں سوائن فلو کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے بتایا کہ یکم جنوری کے بعد ریاست میں اب تک19افراد سوائن فلو سے فوت ہوچکے ہیں ۔ اس کے باوجود ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت تمام تر احتیاطی اقامات کررہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے بھی ا پیل کی کہ وہ محتاط رہیں اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوائن فلو ایک وائرس سے پھیلتا ہے اور یہ اسی وقت ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہوتا ہے جب متاثرہ شخص کو ہاتھ لگایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ تقاریب وغیرہ اور بھیڑ بھاڑ کے دوران مصافحہ کرنے اور ایک دوسرے کو چھونے سے احتراز کریں ۔ گھر اور سامنے کے احاطے صاف ستھرے رکھیں اور بار بار اپنے ہاتھ اچھی طرح دھوتے رہیں۔ کھانا کھانے سے قبل مزید احتیاط کریں۔
چیف منسٹر نے اپنی درخواست پر فوری رد عمل ظاہر کرنے پر مرکزی حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے ماہرین کی ایک ٹیم اور ادویہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری محکموں بالخصوص گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، پنچایت راج ، صحت و طبابت اور کلکٹر یٹس وغیرہ کے علاوہ وزراء اور ارکان اسمبلی ، صفائی کی مہم چلائیں اور عوام میں شعور بیدا رکریں ۔ انہوں نے سرکاری دواخانوں کو احکام جاری کیے کہ سوائن فلو سے متاثرہ مریضوں کو اسی وقت ڈسچارج کیاجائے جب وہ مکمل طور پر روبہ صحت ہوں ۔ اطراف و اکنکاف کے اضلاع کے مریض اگر حیدرآباد میں علاج کرانے کے خواہاں ہیں تو انہیں108ایمبولنس خدمات مفت فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے تمام سرکاری دواخانوں میں ضروری دوائیں اور آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر کابینی وزراء محمد محمود علی، ڈکاٹر ٹی راجیا، ٹی ناگیشور راؤ ، پدما راؤ ، پوچارم سرینواس اور دیگر بھی موجود تھے ۔

Swine flu seizes 19 lives in Telangana, Centre's help sought

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں