ضلع رنگاریڈی تلنگانہ سوائن فلو کی لپیٹ میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-23

ضلع رنگاریڈی تلنگانہ سوائن فلو کی لپیٹ میں

swine-flu-ward-tandur
ضلع رنگاریڈی سوائن فلو کے شکنجے میں ، اندرون 20 ؍یوم 53 ؍کیس درج ،اب تک چار کی مؤت
تانڈور میں تاحال 'سوائن فلو' کا کوئی کیس درج نہیں ہوا ، عوام پریشان نہ ہوں
علاج کیلئے سرکاری ہسپتال میں احتیاطی طور پرعلحدہ وارڈ کا قیام ، سپرنٹنڈنٹ ہسپتال کا بیان

تلنگانہ کی راجدھانی حیدرآباد سے ملحق ضلع رنگاریڈی ان دنوں سوائن فلو کے شکنجے میں ہے جہاں اندرون 20؍یوم سوائن فلو کے 53؍کیس ریکارڈ ہوئے ہیں اور بیماری کی شدید نوعیت کے باعث چار کی موت بھی واقع ہوئی ہے جن کا تعلق ضلع کے شامیر پیٹ ، مہیشورم ،کیسرااور قطب اللہ پور سے تھا جبکہ ضلع رنگاریڈی میں کل 21؍جنوری کو ایک ہی دن میں سوائن فلو کے 9؍کیس درج ہوئے ہیں جسے تشویشناک ہی کہا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب ضلع رنگاریڈی کے وہ علاقہ جو حیدرآباد میں شامل ہیں جیسے قطب اللہ پور، بالا نگر،سیری لنگم پلی ،اوپل ، سرور نگر ،راجندرنگرمیں ہی سوائن فلو کا اثر زیادہ ہے ۔ طبی ماہرین کے بموجب جہاں درجہ حرارت 25؍ڈگری سے کم ہوا کرتا ہے وہاں سوائن فلو کا وائرس زیادہ اثر کرتا ہے۔عوامی سطح پر شکایت کی جارہی ہیکہ سرکاری عہدیداروں کی جانب اس سلسلہ میں عوامی شعور کی بیداری میں ناکامی کے باعث ہی سوائن فلو کے پھیلاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ناواقف متاثرین اس کو عام طریقہ سے علاج کروارہے ہیں اور مرض میں اضافہ کے بعد بڑے ہسپتالوں سے رجوع ہونے اور تفتیش کے بعد ہی اس مرض سے متاثر ہونے کا انکشاف ہورہا ہے اس لئے بھی یہ اموات ہوئی ہیں ۔دوسری جانب تانڈور میں تاحال سوائن فلو کا کوئی کیس درج نہیں ہوا ہے اس بات کاانکشاف کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال تانڈور ڈاکٹر وینکٹ رمنپانے بتایا ہیکہ حکومت کی ہدایت کے بعد آج ہی احتیاطی اقدامات کے تحت یہاں کے اس سرکاری ہسپتال میں تمام طبی سہولتوں سے لیس چار بستروں کا حامل ایک خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے جہاں ہنگامی حالات میں سوائن فلو کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا ڈاکٹر وینکٹ رمنپانے عوام کو مشورہ دیا ہیکہ سوائن فلو قابل علاج مرض ہے اور وہ اندیشوں میں گرفتار ہوکر ہرگز پریشان نہ ہوں اور نہ افواہوں کا شکار ہوں ۔ آج شام ضلع کلکٹریٹ رنگاریڈی میں سوائن فلو کی روک تھام ، مؤثر علاج اور کئے جانے والے اقدامات پر غور کرنے کی غرض سے پر طلب کردہ اجلاس میں شرکت کی غرض سے سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال تانڈور ڈاکٹر وینکٹ رمنپا حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگئے ہیں ۔

ڈاکٹروں کے بموجب مندرجہ ذیل علامتوں کی موجودگی پر متاثرین کا فوری طور پر نزدیکی سرکاری ہسپتال سے رجوع ہونا لازمی ہے ۔
  • شدید سردی زکام ،شدید کھانسی ، 102 ڈگری سے زیادہ بخار کی شدت
  • شدید جسم درد کی شکایت
  • بخار کم کرنے والی پارا سٹامول اور دیگر ادویہ کے استعمال کے باوجود بخار کی شدت میں کمی نہ ہونا

Swine Flu wave in Rangareddy Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں