سشما سوراج کی آج چین کو روانگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-31

سشما سوراج کی آج چین کو روانگی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج کل4روزہ دورہ پر چین کو روانہ ہوں گی جس کے دوران وہ اپنے چینی ہم منصب وانگ ای کے ساتھ تشویش کے مسائل پر مذاکرات کا انعقاد کریں گی۔ سوراج کے ہمراہ وزارت کے دیگر سینئر عہدیداروں کے علاوہ نئے معتمد خارجہ ایس جئے شنکر چین کو جائیں گے ۔ یہ دو روزقبل ان کے تقرر کے بعد جئے شنکر کا پہلا بیرونی دورہ ہوگا جن کی میعاد میں اچانک تخفیف کردی گئی ہے۔ جئے شنکر 2013ء میں امریکہ کے سفیر کے طور پر تقرر سے قبل تقریباً4برسوں تک چین میں ہندستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سشما سوراج ان کے دورہ کے دوران جو یہاں امریکی صدر بارک اوباما کے سہ روزہ دورہ کے اندرون ایک ہفتہ آرہی ہیں اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ دونوں ممالک کی دلچسپی کے باہمی ، علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کریں گی۔ دونوں فریق اس سال کے اختتام میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک دورہ کا امکان بھی تلاش کریں گے۔ چین کے صدر زی جن پنگ اور وانگ، مودی حکومت کی تشکیل کے فوری بعد گزشتہ سال ہندوستان کا دورہ کرچکے ہیں ، دونوں فریق سوراج کے دورہ کو کافی اہمیت دے رہے ہیں، چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان وانگ انگ نے بیجنگ میں کہا ہے کہ دونوں بڑے ترقی پذیر ممالک اور ابھرتی ہوئی بڑی معیشتوں کے درمیان باہمی تعلقات میں پیشرفت مستحکم طریقے سے جاری ہے ۔ ہمارے تعاون نے کچھ پیش قدمی کی ہے ، ہم باہمی سیاسی بھروسہ میں اضافے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے خواہاں ہیں ۔ ہمارا علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں اچھا رابطہ اور تعاون ہے ۔ وزیر خارجہ اپنے چینی اور روسی ہم منصوبوں کے ساتھ آر آئی سی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے ۔ یہ اجلاس اگست میں منعقد ہونے والا تھا لیکن سوراج نے اپنا دورہ منسوخ کردیا تھا جو مودی کے جاپان کے دورہ سے کچھ قبل عمل میں آنے والا تھا ۔ سوراج کا یہاں دورہ اوباما کے دورہ ہند کو چین کی جانب سے معمولی مصالحت قرار دئیے جانے کے پس منظر میں عمل میں آرہا ہے ۔ مختلف مسائل پر ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اختلافات کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے چین کی سرکاری ژنہوا نیوز ایجنسی نے ایک تبصرہ میں کہا ہے کہ مختصر کردہ سہ روزہ دورہ عملی سے زیادہ علامتی ہے جب کہ دو بڑے ممالک کے درمیان طویل عرصہ سے کئی مسائل حل طلب ہیں جو ان کے درمیان ایک دوسرے سے دوری کا باعث رہے ہیں ۔ اپنے دورہ کے دوران اوباما نے ایشیاء بحرالکاہل علاقے میں ہندوستان کے لئے ایک عظیم تر رول کی حمایت کی تھی جو جنوبی چین کے سمندر کے بشمول علاقے میں چین کے اثرورسوخ کو باز رکھنے امریکی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ سشما سوراج بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران دوسرے ہند۔ چین اعلیٰ سطحی میڈیا فورم کا بھی افتتاح کریں گی اور ویزٹ انڈیا ایر کے آغا ز کی تقریب میں شرکت کریں گی ۔ وہ آر آئی سی سہ رخی اجلاس کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سرجی لاؤروف سے بھی ملاقات کریں گی ۔

Sushma Swaraj to travel today to Beijing for bilateral talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں