میتھری پالا سری سینا سری لنکا کے صدر منتخب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-10

میتھری پالا سری سینا سری لنکا کے صدر منتخب

کولمبو
پی ٹی آئی
میتھری پالا سری سینا سری لنکا کے صدر منتخب ہوگئے ہیں ۔ کل منعقدہ صدارتی انتخابات میں انہوں نے تیسری میعا د کے لئے مقابلہ کرنے والے صدر مہنداراجہ پکسے کو شکست دے دی ۔ اس کے ساتھ ہی مہنداراجہ پکسے کا10سالہ دور اقتدار ختم ہوگیا ہے۔ صدارتی محل کے ایک عہدیدار نے اطلاع دی ہے کہ راجہ پکسے نے اپوزیشن لیڈر سنیل وکرما سنگھے کے ساتھ ملاقات کے دوران صدارتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی ہے ۔ سری سینا کو الیکشن کمشنر نے منتخب قرار دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سری سینا کو 51.2فیصد ووٹ حاصل ہوئے جب کہ راجہ پکسے کو47.6فیصد ووٹ ملے ہیں۔سری سینا کوجوراجہ پکسے کی کابینہ میں وزیر دفاع تھے اپوزیشن یونائیٹیڈ نیشنل پارٹی کے علاوہ بدھسٹ نیشنلسٹ جے ایچ یو کی تائید بھی حاصل ہوئی ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق راجہ پکسے نے اپنی سرکاری رہائش گاہ بھی خالی کردی ہے ۔ سری سینا کا تعلق شمال وسطی صوبہ کے ایک دیہات سے ہے اور وہ انگریزی میں بات نہیں کرسکتے ، وہ قومی لباس ہی پہنتے ہیں ان کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں ہے ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مبصرین کا خیال تھا کہ راجہ پکسے تیسری میعاد کے لئے آسانی سے جیت جائیں گے ۔ گزشتہ سال نومبر میں سری سینا نے کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اپوزیشن اتحاد کے صدارتی امید وار بن گئے تھے۔
انہوں نے قومی اتحاد کی ایک حکومت تشکیل دینے کا عہد کیا ہے جس میں تمام فریقین کو نمائندگی دی جائے گی ۔ جیسے جیسے نتائج سامنے آرہے تھے یہ صاف ہورہا تھا کہ راجہ پکسے کی شکست یقینی ہے ۔ اپوزیشن نے دارالحکومت کولمبو میں زبردست جشن منایا ۔ اسی دوران سری سینا نے اپنے عہدہ کا حلف لے لیا۔
سری لنکا کی اصل ٹامل پارٹی( ٹی این اے) نے آج نو منتخب صدر میتھری پالا سری سینا کو یاد دلایا کہ اقلیتی طبقہ کی تشویشات کو فی الفور دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں جمہوری انداز میں فوائد پہنچائے جاسکیں ۔ ٹامل نیشنل الائنس نے صدارتی انتخابات میں ملک کے شمال مغربی علاقوں میں عوام کی بڑی حمایت حاصل کی جہاں منتخب صدر سری سینا کو بھرپور تائید ملی ۔ ٹی این اے کے لیڈر راجہ ویوتھی سمپنتھن نے کہا کہ سری سینا کو ملک کے بیشتر مسائل کو فی الفور حل کرنا ہوگا جن میں خاص طور پر ٹامل زبان بولنے والے اقلیتی عوام شامل ہیں۔

Sri Lanka's new president Maithripala Sirisena sworn in

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں