نریندر مودی پر سونیا گاندھی کی شدید تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-14

نریندر مودی پر سونیا گاندھی کی شدید تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور این ڈی اے حکومت پر’’ آمرانہ‘‘ رجحانات رکھنے کا الزام لگایا۔ کانگریسی قائدین کا ایک اجلاس آج یہاں منعقد ہوا تاکہ یہ حکمت عملی مرتب کی جائے جس کے ذریعہ یہ بتایاجائے کہ حکمراں اتحاد’’ کسان دشمن‘‘ ہے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی( سی ڈبلیو سی) کے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے وزیر اعظم پر الزام لگایا کہ وہ(مودی) اپنی کابینہ کے ارکان اور بی جے پی قائدین کے ’’اشتعال انگیز بیانات اور اشتعال انگیز تقاریر کو نظر انداز کررہے ہیں ۔‘‘ سونیا گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران ’’شیرازہ بکھر نے کی جو حکمت عملی اختیار کی گئی تھی، مذکورہ رجحانات اس کا تسلسل ہیں ۔ سونیا گاندھی نے پارٹی کے سینئرقائدین سے خواہش کی کہ وہ عوام تک رسائی کے ذرائع و طریقے تجویز کریں ۔ آج کا اجلاس ، ملک گیر احتجاجوں کے انعقاد کے منصوبوں پر غور کے لئے منعقد کیا گیا ۔ یہ احتجاج حالیہ اراضی آرڈیننس اور کسانوں سے متعلق دیگر مسائل پر کئے جائیں گے ۔ آرڈیننس کے مسئلہ پر صدر کانگریس نے کہا کہ’’ ملک کے جمہوری اداروں کی بیخ کنی کی جارہی ہے ۔ بی جے پی زیر قیادت حکومت نے پہلے ہی اپنے7ماہ میں10آرڈیننس نافذ کردئیے ہیں ۔ این ڈی اے حکومت ایک’’ پرجوکھم‘‘ خیال کے ذریعہ کام کاکررہی ہے کہ آرڈیننس کے ذریعہ اچھی حکمرانی ہوتی ہے ۔ سونیا گاندھی نے یہ بھی سوال کیا کہ آیا’’جلد بازی میں آرڈیننس جاری کرنے کے پس پردہ کوئی بدنیتی ہے ۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے قانون حصول اراضی کو’’عملا تبادہ کردیا ہے ۔‘‘ کانگریس کی زیر قیادت یوپی اے حکومت یہ قانون لائی تھی ۔ این ڈی اے حکومت 1894ء میں برطانیہ کے منظور کردہ قانون کو پچھلے دروازے سے واپس لائی ہے ۔ سی ڈبلیو سی کا اجلاس4گھنٹے جاری رہا ۔ تنظیمی مسائل جیسے سرگرم رکن کے نظریہ کو دوبارہ متعارف کرنے منتخبہ پارٹی عہدیداروں کی میعاد کو5سال سے گھٹا کر3سال کردینے اور پارٹی کی ضلع و ریاستی کمیٹیوں میں ایس سی ، ایس ٹی، دیگر پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو50فیصد تحفظات فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نائب صدر پارٹی راہول گاندھی نے بنیادی سطح پر پارٹی کارکنوں کو باختیار بنانے اور بلاک صدور کو اختیارات تفویض کرنے کی پرزور وکالت کی۔ اسی دوران راہول گاندھی کو صدر پارٹی بنانے سے متعلق میڈیا کی قیاس آرائیوں پر تنقید کرتے ہوئے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی امبیکا سونی نے کہا کہ یہ موضوع سی ڈبلیو سی ایجنڈہ میں نہیں تھا اور نہ اس تعلق سے اجلاس میں کوئی بات ہوئی ۔

Sonia calls Modi regime dictatorial, Congress discusses way ahead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں