شاردا اسکام - مکل رائے سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-31

شاردا اسکام - مکل رائے سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ

کولکتہ
پی ٹی آئی
ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری مکل رائے سے سی بی آئی نے آج کروڑ ہا روپے مالیتی شاردا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں پوچھ گچھ کی جب کہ مکل رائے کا کہنا ہے کہ وہ اصل سچائی کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ تیقن بھی دیا کہ وہ تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ ترنمول کانگریس قائد نے یہاں سالٹ لیک علاقہ میں سی بی آئی کے دفتر پر پانچ گھنٹے طویل پوچھ تاچھ کا سامنا کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا’’ میں چاہتا ہوں کہ اصل سچائی سامنے آئے، میں نے انہیں( سی بی آئی) کو بتادیا کہ اگر وہ ضروری سمجھتے ہیں تو مجھے کسی بھی وقت طلب کریں اور میں ان سے بات کرسکتا ہوں ۔ اصل سچائی سامنے آنے دیں اور تحقیقات کو مناسب انداز میں آگے بڑھنے دیں۔‘‘ سابق ریلوے جنہوں نے تحقیقات کے تین مراحل کا سامنا کیا ، کہا کہ میں نے پہلے ہی دن کہا تھا کہ اگر ایجنسی مجھے تحقیقات کے لئے طلب کرتی ہے تو میں تحقیقات میں شامل ہوں گا اور تعاون کروں گا ۔ میں مقررہ وقت کے مطابق صبح10:30بجے یہاں پہنچا ۔ سی بی آئی نے قبل ازیں12جنوری کو مکل رائے کو طلب کیا تھا جو اس وقت نئی دہلی میں تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ کولکتہ واپس ہوتے ہی وہ سی بی آئی سے ملاقات کریں گے۔ بہر حال14جنوری کو یہاں واپس ہونے کے بعد انہوں نے ایجنسی کے سامنے حاضر ہونے15دن کا وقت مانگا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ریاست کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات کی وجہ سے مصروف ہیں ۔وہ دوبارہ15جنوری کو دہلی کے لئے روانہ ہوگئے تھے ۔
اسی دوران موصولہ یو این آئی کی اطلاع کے بموجب بنگال کے وزیر پنچایت راج سبرتا مکرجی نے آج کہا کہ سی بی آئی کسی کو بھی طلب کرسکتی ہے لیکن اسکا یہ مطلب نہیں کہ وہ شخص قصور وار ہے ۔ سبرتا مرکرجی نے جو ممتا بنرجی کابینہ کے ایک سینئر رکن ہیں، ایک ایسے وقت تبصرہ کیا جب کہ تحقیقاتی ایجنسی آل انڈیا ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری مکل رائے سے شاردا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں پوچھ گچھ کررہی ہے ۔ مکرجی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سی بی آئی تحقیقات کے سلسلہ میں کسی کو بھی طلب کرسکتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ شخص یا خاتون خاطی ہے ۔ مکرجی ترنمول کانگریس کے ان سینئر قائدین میں شامل ہیں جنہوں نے حالیہ عرصہ میں کئی مسائل پر پارٹی کے موقف سے انحراف کیا ہے جس کی مثال جادھو پور یونیورسٹی میں طلباء کا احتجاج ہے ۔
ایک اور اطلاع کے مطابق ترنمول کانگریس سربراہ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کل یہاں پارٹی کے اعلیٰ قائدین کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے تاکہ شاردا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری مکل رائے سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے پیش نظر نئی حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ ترنمول کانگریس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ممتا بنرجی نے پارٹی قائدین بشمول وزراء ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جنوبی کولکتہ میں ان کی قیامگاہ پر اجلاس میں شرکت کریں ۔ شاردا اسکام کے علاوہ بردوان دھماکہ اور ریاست میں بی جے پی کے ابھرنے کے سلسلہ میں ایک ہمہ رخی حکمت عملی وضع کیے جانے کا امکان ہے تاکہ چیالنجس کا سامنا کیاجاسکے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ واضح رہے کہ شاردا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں کئی ترنمول قائدین بشمول دو ارکان پارلیمنٹ اور ایک وزیر کو گرفتار کیاجچکا ہے ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ اس میٹنگ میں ممتا بنرجی کی جانب سے بعض قائدین کے خلاف سخت موقف اختیار کیے جانے کا امکان ہے ۔ جنہوں نے حالیہ عرصہ میں پارٹی کی پالیسیوں سے اتفاق نہیں کیا ہے ۔

Saradha Scam: TMC Leader Mukul Roy Questioned by CBI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں