غیر مقیم ہندوستانی ملک کی ترقی میں سرگرم شراکت دار بنیں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-10

غیر مقیم ہندوستانی ملک کی ترقی میں سرگرم شراکت دار بنیں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

گاندھی نگر
آئی اے این ایس
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں13ویں پرواسی بھارتیہ دیوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت رکاوٹوں اور سرخ فیتہ کی مشق کو ختم کرنے مسلسل کام کررہی ہے تاکہ ہندوستان میں تجارتی ماحول کو بہتر بنایاجاسکے ۔ پرواسی بھارتیہ دیوس میں ایک اجلاس بعنوان‘‘ ہندستانی ریاستوں میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک تعاون پر مبنی وفاقیت کے دور کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ اور ملک کی معاشی تقدیر لکھنے میں ریاستوں کی رائے کو اہمیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے جاریہ سال یکم جنوری کو منصوبہ بندی کمیشن کے بجائے نیتی آیوگ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اجتماعی دانشمندی اور اجتماعی ذمہ داری کے اصول پر عمل کیاجاتا ہے ۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ہماری اجتماعی دانشمندی باہمی اختلافات پر قابو پانے میں مدد کرے گی ۔ مودی زیر قیادت نئی حکومت نے معیشت کے احیاء کے لئے کئی قدم اٹھائے ہیں ۔ ہمارے پاس پر امید ہونے کی کئی وجوہات ہیں اور ہم سرمایہ کاری کا اعتماد حاصل کرنے مسلسل اصلاحات کرتے جارہے ہیں ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میک ان انڈیا ایک ایسی پہل ہے جو اس ملک کو تیار شدہ اشیاء کے درآمد کنندہ کے بجائے تیار شدہ اشیاء کا برآمد کنندہ بنادے گی ۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ مجموعی گھریلو پیداوار میں مینو فیکچرنگ شعبہ کے موجودہ14فیصد حصہ کو بڑھا کر25فیصد کیاجائے ۔ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم ملک میں تجارتی ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ انہوں نے اقل ترین حکومت حکومت اور اعظم ترین حکمرانی کا فارمولہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس( جی ایس ٹی) کو جلد از جل نافذ کرنے پر زور دے رہی ہے جس کی وجہ سے مالیہ کے حصول کا ایک پرجوش ذریعہ پیدا ہوگا اور ایک بڑی مشترکہ مارکیٹ پیدا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ شفافیت کو یقینی بنانے صرف ای آکشن( الکٹرانک آکشن) کے ذریعہ قدرتی وسائل کے اختصاص کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان میں قدرتی وسائل کا بڑا ذخیرہ ہے اور یہاں ہنر مند انسانی وسائل بھی دستیاب ہیں جس کی وجہ سے یہ ملک ایک نیا مینو فیکچرنگ مرکز بن سکتا ہے ۔ ہندوستانی نژاد افراد اور این آر آئیز کو چاہئے کہ وہ میک ان انڈیا کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مدد کریں ۔ ہندوستان کی ترقی کو صرف ملک کے اندر رہنے والے افراد ہندوستان کو ترقی یافتہ نہیں بناسکتے ۔ انہوں نے سمندر پار مقیم ہندوستانی نژاد افراد سے اپیل کی کہ وہ آئیں اور ملک میں سرمایہ کاری کریں اور ہندوستان کو خوشحال اور ایک بین الاقوامی سوپر پاور بنانے ہماری پیشقدمی میں ہمارے سرگرم شراکت دار بن جائیں ۔

Rajnath Singh invites heavy investment from Indian diaspora for development

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں