عوامی شعبہ کے بنکوں کے ملازمین کا 4 روزہ ہڑتال کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-20

عوامی شعبہ کے بنکوں کے ملازمین کا 4 روزہ ہڑتال کا فیصلہ

چندی گڑھ
پی ٹی آئی
عوامی شعبہ کی بنکوں کے ملازمین نے چہار شنبہ 21جنوری سے4روزہ ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ ملازمین تنخواہوں پر نظر ثانی کے دیرینہ مسئلہ کے تصفیہ میں مرکزی حکومت کے ’’سخت رویہ اور لاپرواہی‘‘ کے خلاف احتجاج کرنے والے ہیں۔ آل انڈیا بنک آفیسرس کانفیڈریشن کے اسٹیٹ سکریٹری دیپک کمار شرما نے بتایا کہ قبل ازیں گزشتہ7جنوری کو ایک روزہ ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کو انڈین بنکس اسوسی ایشن(آئی بی اے) کی درخواست پر ملتوی کردیا گیا تاکہ مسئلہ کا کوئی دوستانہ تصفیہ دریافت کیاجائے ۔ ہڑتال کا فیصلہ یونائیٹیڈ فورم آف بنک یونینس(یو ایف بی یو) کی اپیل کے جواب میں کیا گیا ہے ۔ یونینوں سے بنک کاری صنعت کے زائد از10لاکھ ملازمین اور عہدیدار وابستہ ہیں ۔ دیپک کمار شرما نے بتایا کہ’’مدت کے دوران اجرتوں میں اضافہ سے متعلق آئی بی اے کی جانب سے کوئی تازہ تجویز وصول نہیں ہوئی ،یو ایف بی یو نے4روزہ ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عملاً اس مجوزہ ہڑتال کا اثر 6روز تک ہوگا کیونکہ25جنوری کو اتوار ہے اور26نوری کو قومی تعطیل ہے ۔ شرما نے بتایا کہ بنک ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی،یکم نومبر2012ء سے ہونی ہے۔ یو ایف بی یو بات چیت کے آغاز ہی سے یہ درخواست کرتی آرہی ہے کہ اس کے مطالبات پر بات چیت کے لئے ایک نظام العمل مرتب کیاجائے اور ایک واجبی مدت کے اندر اجرتوں سے متعلق تصفیہ کیاجائے لیکن2سال کی مدت گزرنے کے باوجود اجرتوں کے مسئلہ پر بات چیت میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اجرتوں میں تفاوت اور کا م کے لا محدود اوقات کے باوجود بنکنگ صنعت کے ملازمین کو ان کے مستحقہ حصہ سے محروم کیا گیا ہے جب کہ بنک کاری صنعت، معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔

Public sector bank employees to strike work for 4 days

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں