بہار میں فرقہ وارانہ تشدد - اقلیتی فرقہ کے گھروں کو آگ لگا دی گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-20

بہار میں فرقہ وارانہ تشدد - اقلیتی فرقہ کے گھروں کو آگ لگا دی گئی

پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار کے مظفر پور ضلع میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں4مسلم اس وقت ہلاک ہوگئے جب مخالف فرقہ کے ہجوم نے ان کے گھروں کو آگ لگا دی ۔ ان میں سے3افراد زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے آتشزدگی اور قتل کے الزامات کے تحت14افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ واقعہ اجیت پور موضع میں پیش آیا ۔ پولیس نے بتایا کہ موضع کا ایک مغویہ نوجوان19سالہ بھرتیندر کمار آج اغواکے اہم ملزم وکی کے مکان کے قریب مردہ حالت میں پایا گیا ۔ اس کی نعش ملنے کی خبر پھیلتے ہی ایک ہجوم وصی احمد کے بیٹے وکی کے مکان کے قریب جمع ہوگیا اور اس کے گھر علاوہ8دیگر مکانات کو آگ لگا دی ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس رنجیت کمار مشرا نے بتایا کہ3افراد زندہ جھلس گئے جن کی نعشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔ بہار نظم و نسق کے ایک عہدہ دار اتل پرساد نے بتایا کہ آتشزنی کا یہ واقعہ اجیت پور موضع میں اس وقت پیش آیا جب ایک ہفتہ سے لا پتہ ہندو نوجوان کی نعش ملی ۔ اس واقعہ کے بعد اجیت پور موضع اور اس کے اطراف سیکوریٹی چوکسی بڑھادی گئی جب کہ پورے ضلع میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے ۔ تقریباً500پولیس ارکان پر مشتمل دستوں کو علاقہ میں تعینات کیا گیا ۔ پرساد کا کہنا ہے کہ ہندو ماہی گیروں نے مسلمانوں پر کمار کے قتل کا الزام لگایا ہے جو ایک مسلم لڑکی سے دوستی رکھتا تھا ۔ غریب مسلمانوں کی جلی ہوئی جھونپڑیوں سے3جھلسی ہوئی نعشیں نکالی گئیں۔بعد میں موضع کے ایک کھیت میں گولیوں سے چھلنی ایک چوتھی نعش ملی ۔ پرساد نے کہا کہ صورتحال کشیدہ لیکن قابو میں ہے ۔ پولیس کے مطابق اس سلسلہ میں دونوں گروپوں میں تصادم بھی ہوا ۔ پولیس نے3ہزار نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ آئی جی مظفر پور رینج پارس ناتھ ، ضلع مجسٹریٹ انوپم کمار اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس رنجیت کمارمشرا گڑ بڑ زدہ موضع میں قیام کئے ہوئے ہیں ۔ اسی دوران چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے جو ممبئی میں تھے، اپنا دورہ مختصر کرکے لوٹے ۔ چیف منسٹر نے واقعہ کی پرنسپال سکریٹری داخلہ سدھیر کمار اور ایڈشنل ڈائرکٹر جنرل گپتیشور پانڈے کے ذریعے تحقیقات کروانے کا حکم دیا۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس5لاکھ روپے معاوضہ اور زخمیوں کو50ہزار کی امداد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے زخمیوں کا سرکاری اخرجاات پر علاج کروانے کا حکم دیا۔ مانجھی ، ممبئی گئے ہوئے تھے اور وہاں سے دہلی جانے والے تھے لیکن مظفر پور واقعہ کی اطلاع ملنے پر دورہ مختصر کرکے آج دوپہر ممبئی سے پٹنہ پہونچ گئے۔ کمل ساہینی کا بیٹا کمار9جنوری سے لاپتہ تھا اور اس سلسلہ میں وکی پر اس کے اغوا کا الزام لگایاجارہا ہے ۔

14 held for Muzaffarpur violence, toll rises to four

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں