پی آئی اے عہدیداروں کے ویزوں کی کارروائی کا عمل جاری ہے - ہندوستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

پی آئی اے عہدیداروں کے ویزوں کی کارروائی کا عمل جاری ہے - ہندوستان

نئی دہلی
آئی اے این ایس
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان واحد فضائی رابطے پاکستان انٹر نیشنل ایر لائنس( پی آئی اے) اسٹاف کے ویزوں سے متعلق مستقبل کے خدشات کا ازالہ کرتے ہوئے ہندوستان نے اتوار کے دن کہا کہ اس سلسلہ میں کارروائی جاری ہے ۔ امور برائے وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ پی آئی اے اسٹاف کے ویزوں سے متعلق مسائل ایک معمول کا حصہ ہیں اور اس ضمن میں ہندوستان کی جانب سے کارروائی جاری ہے ۔ اس سے قبل ہندوستان میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی’’پی آئی اے‘‘ کو نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اس نے دہلی میں اپنے دفاتر کے لئے خریدی گئی جائیداد میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ادھر پی آئی اے کے ترجمان حنیف رانا نے کہا کہ ان کے ادارے نے2005ء میں نئی دہلی میں پانچ اپارٹمنٹس خریدے تھے لیکن اب انہیں ایک وجہ نمائی نوٹس دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس میں ریزوربینک آف انڈیا کے طے شدہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔ ’’آر بی آئی نے کہا کہ2002ء کے قانون کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور نیپال کے لوگ ذاتی اور ادارے کی حیثیت میں ہندوستان میں پانچ سال سے زائد لیز پر حاصل کرنے کے علاوہ کوئی جائیداد نہیں خرید سکتے ۔ پاکستان نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے جوابی کارروائی کے لئے اپنے وکلاء سے رجوع کرلیا ہے جو اس پر کام کررہے ہیں۔سارے قانونی تقاضے ہم پورے کریں گے اور انہیں دستاویزات فراہم کریں گے ۔‘‘ پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندستان کے اس رویے سے نہ صرف پاکستانی مسافر متاثر ہوں گے بلکہ ہندوستانی مسافر بھی متاثر ہوں گے اور ہندوستان کے اس اقدام سے دونوں ممالک کی تجارت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

Process underway on PIA officials' visa: India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں