جماعت الدعوۃ اور حقانی نٹ ورک پر امتناع - حکومت پاکستان کا اقدام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-23

جماعت الدعوۃ اور حقانی نٹ ورک پر امتناع - حکومت پاکستان کا اقدام

اسلام آباد
پی ٹی آئی/ آئی اے این ایس
پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی میں نمایاں تبدیلی لاتے ہوئے جماعت الدعوۃ اور خوفناک حقانی نیٹ ورک کو ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں شامل کردیا ہے ۔ جماعت الدعوہۃ کی قیادت، ممبئی حملوں(2008) کے سازشی حافظ سعید نے کی تھی ۔ بتایاجاتا ہے کہ امریکی دباؤ کے بعد پاکستان نے مذکورہ دو تنظیموں پر امتناع عائد کردیا ہے اور ان تنظیموں کے بنک کھاتے منجمدکردئے ہیں ۔ حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ صدر امریکہ بارک اوباما کے مجوزہ دورہ ہند سے 3روز قبل کیا ہے ۔ قبل ازیں امریکہ نے پاکستان پر دباؤ میں اضافہ کردیا تھا کہ وہ(پاکستان) اچھے اور برے عسکریت پسندوں کے درمیان فرق و امتیاز ختم کردے ۔ پشاور میں ایک آرمی اسکول طالبان کے ہلاکت خیز حملہ کے بعد امریکہ نے مذکورہ امتیاز کو ختم کرنے کے لئے دباؤ بڑھا دیا تھا ۔ پشاور المیہ میں کم و بیش150افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ جن مین بیشتر بچے تھے ۔ اسی دوران حکومت پاکستان کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جماعت الدعوہ اور دیگر گروپوں پر امتناع کا فیصلہ چند روز قبل کیا گیا اور اس پر عمل کے قواعد کو قطعیت دینے کا کام وزارت داخلہ کے تفویض کیا گیا ۔ انتہا پسند انہ اور عسکریت پسندانہ سرگرمیوں ملوث ہونے پر جماعت الدعوہ کے علاوہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن (ایف آئی ایف) کا نام بھی ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے اخبار ڈان کو بتایا کہ امریکہ کا مطالبہ تھا کہ حقانی نٹ ورک اور جماعت الدعوہ پر امتناع عائد کردیاجائے لیکن حکومت پاکستان ’’ٹال مٹول‘‘ سے کام لے رہی تھی۔جن دیگر گروپوں کو ممنوعہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں حرکت الجہاد اسلامی ، حرکت المجاہدین، امہ تعمیر نو، حاجی خیراللہ حاجی ستا منی ایکسچینج ، راحت لمٹیڈ ، روشن منی ایکسچینج، الاختر ٹرسٹ اور الرشید ٹرسٹ شامل ہیں۔ امتناع کے بعد ان گروپوں کے اثاثۃ جات منجمد کردئیے جائیں گے۔ قبل ازیں ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ حکومت جماعت الدعوہ کو ایک ممنوعہ گروپ قرار دینے سے پہلے اس تنظیم کے کارکنوں کے ناموں کو ’’واچ لسٹ‘‘ میں شامل کردے گی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ممبئی حملوں کے بعد سلامتی کونسل اقوام متحدہ نے جماعت الدعوہ کو لشکر طیبہ کا ایک محاذ قرار دیا تھا ۔ اس کے بعد سے اقوام متحدہ اور امریکہ نے جماعت الدعوہ کے کئی قائدین کے خلاف تحدیدات عائد کردی ہیں۔

Pak Govt about ban on JuD, Haqqani Network

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں