نواز شریف نے سعودی حکمراں شاہ عبداللہ کی عیادت کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-17

نواز شریف نے سعودی حکمراں شاہ عبداللہ کی عیادت کی

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے جمعرات کو خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی عیادت کی، وہ ریاض میں کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی عیادت کے لئے پہنچے ۔ انہیں وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ مصعب بن عبداللہ ،گورنر ریاض شہزادہ ترکی بن عبداللہ اور خادم حرمین شریفین کے بیٹوں نے خوش آمدید کہا ۔ وزیر اعظم پرکاستان نے خادم حرمین شریفین کے لئے شفائے کامل و عاجل کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ خادم حرمین شریفین کو ہر تکلیف سے بچائے اور انہیں صحت و عافیت سے نوازے ۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ طارق فاطمی، مملکت میں متعین سفیر پاکستانی منظور الحق اور وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز بھی تھے۔ شہزادہ معصب بن عبداللہ نے خادم حرمین شریفین کے لئے خیر سگالی کے جذبات پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے ممنونیت کا اظہار کیا ۔ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان نے ریاض کے قصر یمامہ میں سعودی ولی عہد نائب وزیر اعظم ووزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا ۔ علاقائی اور عالمی مسائل بھی زیر بحث آئے ۔ شہزادہ سلمان نے ملاقات کے آغاز میں وزیر اعظم پاکستان اور ان کے ہمراہ آنے والوں کو ان کے دوسرے گھر میں خوش آمدید کہا۔ نواز شریف نے مملکت آمد اور ولی عہد سے ملاقات پر دلی مسرت کا اظہار کیا ۔ ملاقات کے موقع پر ولی عہد دوم شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز ، سربراہ مملکہ خفیہ شہزادہ خالد بن بندر، وزیر نیشنل گارڈ شہزادہ معصب ، گورنر ریاض شہزادہ ترکی ، وزیر مملکت و رکن کابینہ، شہزادہ محمد بن سلمان ، وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان بھی موجود تھے ۔ پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور سفیر پاکستان منظور الحق شریک تھے ۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان ریاض سے رخصت ہوگئے ۔ انہیں ریاض ایئر بیس پر گورنر شہزادہ ترکی بن عبداللہ، سفیر پاکستان اور شاہی پروٹوکول افسر نے الوداع کیا ۔ دریں اثناء وزیر اعظم نواز شریف عمرے کے ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ۔

PM Nawaz meets Saudi King Abdullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں