مودی حکومت کی پالیسیوں کا اثر - افراط زر صفر کے قریب - وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-10

مودی حکومت کی پالیسیوں کا اثر - افراط زر صفر کے قریب - وینکیا نائیڈو

چینائی
یو این آئی
مرکزی وزیر شہری ترقی، ہاؤزنگ و انسدادشہری غربت ایم وینکیا نائیدو نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں نے اثر دکھانا شروع کردیاہے اور افراط زر گھٹ کر تقریباً صفر کے قریب پہنچ گیا ہے ۔ انہوں نے یہاں بلڈرس ایسوسی ایشن آف انڈیا کی جانب سے تعمیری آلات کی نمائش’’رائے کون2015‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری حکومت نے6ماہ پہلے اقتدار سنبھالا تھا تو اس وقت افراط زر تقریباً7فیصد تھا ۔ آج افراط زر، صفر کے قریب پہنچ گیا ہے ۔ اس سے ظاہر وہتا ہے کہ ہماری پالیسیوں نے اثر دکھانا شروع کردیا اور اچھے دن آنے والے ہیں ۔ پرواسی بھارتیہ دیوس سے مودی کے خطاب کی یاددہانی کراتے ہوئے نائیدو نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت غریبوں کی ترقی کے لئے پابند عہد ہے اور آئندہ 10سال میں اسے معاشی سوپر پاور بنانا چاہتی ہے ۔ آج ساری دنیا امید بھری نگاہوں سے ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ دنیا کے بیشتر ممالک کو معاشی کساد بازاری کا سامنا ہے ۔ ہندوستان تیزی سے مواقع کی سر زمین بنتا جارہا ہے ۔نائیدو نے کہا کہ مودی حکومت کا مشن ابھرتا ہوا ہندوستان تھا اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ملک میں تجارت کو آسان بنایاگیا ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس( جی ایس ٹی) طویل عرصہ سے زیر التواء ہے۔ حالانکہ ریاستوں کو اعتماد میں لینے کے بعد اسے پارلیمنٹ میں متعارف کرایا گیا تھا، وینکیا نائیڈو نے کہا جی ایس ٹی کی وجہ سے ملک میں بالواسطہ ٹیکس نظام سادہ ہوجائے گا ۔ دوسرے شعبوں کی طرح تعمیراتی شعبہ بھی اس کی وجہ سے قابل لحاظ فائدہ حاصل کرسکے گا۔

Inflation hits a zero, Venkaiah Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں