ہندوستان کی تکثیریت دنیا کے لئے باعث رشک - حامد انصاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

ہندوستان کی تکثیریت دنیا کے لئے باعث رشک - حامد انصاری

نئی دہلی
یو این آئی
نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج کہا کہ ہر شہری کو آزادی ، مساوات ، بھائی چارہ اور ہر ایک کے لئے انصاف کے دستوری اصولوں کا پابند رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہندوستان کو ایک طرف غربت اور پسماندگی تو دوسری طرف فرقہ پرستی، ذات پات ، لسانیات اور علاقائیت کے چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سماج میں ، سماجی ، معاشی اور سیاسی اختلافات کی بنیاد پر غلطیاں ہوتی ہیں ۔ ان کی وجہ سے بعض اوقات کشیدگی پیدا ہوجاتی ہے ۔ ہم اس سے مستثنیٰ نہیں ۔ ہمیں ابھی بھی ایک جانب غربت و پسماندگی اور دوسری جانب فرقہ پرستی ، ذات پات، لسانیات اور علاقائیت پر مبنی چیلنجس کا سامنا ہے ، ایک اچھے شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادی، مساوات ، بھائی چارہ اور سب کے لئے انصاف کے دستوری اصولوں کا پابند رہے ۔ نائب صدر جمہوریہ دہلی کنٹونمنٹ میں این سی سی کے یوم جمہوریہ کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے این سی سی کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی تکثیریت کا تحفظ کریں اور اسے فروغ دیں جس نے ہمیں ایک منفرد ، جامع اور قومی شناخت عطا کی ہے جو باقی دنیا کے لئے باعث رشک ہے ۔ ایڈس ، تعلیم بالغان ، جذام، منشیات ، جہیز ، تمباکو کے استعمال، ویجلینس و کرپشن جیسے مسائل پر شعور بیداری میں اس کی کاوشوں کے لئے این سی سی کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ یہ سماجی برائیاں ہیں اور ہمارے عوام کی بہتری کے لئے ان کا خاتمہ کرنا ضروری ہے ۔ این سی سی نے قوم کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور پابندی عہد کے ساتھ پورا کیا ہے ۔ہمارے وفاق کی مختلف ریاستوں کی نمائندگی کے لئے خصوصی طور پر منتخب کئے گئے کیڈٹس ، کارپس کے ستون ہیں ۔ انہیں کل کے ذمہ دار اور پابند ڈسپلن شہری بننے کی تحریک و تربیت دی گئی ہے ۔ این سی سی میں گزرا ہوا ان کا وقت اتحاد ، ٹیم ورک اور ڈسپلن کے جذبہ کو فروغ دیتا ہے ۔ بھائی چارہ پر مبنی اور اختراعی سماج کی تعمیر میں یہ چیزیں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ قبل ازیں نائب صدر جمہوریہ نے این سی سی کیڈٹس کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور بینڈڈسپلے کی سماعت کی ۔ انہوں نے فلیگ علاقے کا بھی دورہ کیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب اس کیمپ میں جملہ2070کیڈٹس ہیں جنہیں4دستوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ان میں707خاتون کیڈٹس بھی شامل ہیں ، جنہیں ملک بھر کی17این سی سی ڈائرکٹوریٹس سے شامل کیا گیا ہے ۔

India's Pluralism World's Envy: Hamid Ansari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں