حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ - حصول اراضی کے کام مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-28

حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ - حصول اراضی کے کام مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے آج اسپیشل ٹاسک فورس اجلاس منعقد کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی تعمیری سرگرمیوں اور اس میں پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ حیدرآبادمیٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے یکم جنوری کو اسپیشل ٹاسک فورس کے اجلاس میں چیف سکریٹری کے فیصلوں پر عمل آوری کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔انہوں نے مطلع کیا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کے تحت تا حال 1730بنیادیں( 45کلو میٹر) تعمیر کی جاچکی ہیں جب کہ1640پلرس(43کیلو میٹرس) کی تکمیل عمل میں آچکی ہیں جن پر34کلو میٹرس تک ویاڈکٹ نصب کردیے گئے ہیں۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے تین میٹرو ریل راہداریوں میں آنے والی219خانگی جائیدادوں اور 85سرکاری جائیدادوں کے موقف کا بھی جائزہ لیا اور ہر ایک جائیدادکے لئے وقت مقرر کیا ہے جس کے تحت انہوں نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ضلع کلکٹرس حیدرآباد و رنگا ریڈی کو ہدایت دی کہ وسط مارچ تک تمام جائیدادوں کے حصول اراضی کا کام مکمل ہوجانا چاہئے ۔ راجیو شرما نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ناگول تا مٹو گوڑامیٹرو لائن جو مکمل ہونے کے قریب ہے تمام نقائص سے پاک ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ زمینی سطح کے کام مکمل کرلیے جائیں اور چوراہوں پر سائڈ واکس اور کیریج وے کو فروغ دیتے ہوئے اس لائن کو کھولنے کے انتظامات کریں ۔میٹرو ریل اسٹیشنوں کے علاقوں میں موجود سڑکوں کی حیدرآباد میٹرو ریل کارپوریشن دیکھ بھال کرے گا اور اس سے باہر کی سڑکیں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن فروغ دے گا ۔ میٹرو ریل ڈپوز اور میٹرو ریل اسٹیشنوں کے لئے سیکوریٹی منصوبہ کاجائزہ لیتے ہوئے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے ہدایت دی کہ ان تنصیبات کے تحفظ کے لئے ریاست کی اسپیشل پروٹیکشن فورس پر ذمہ داری عائد کرنے کے لئے راستے تلاش کیے جائیں ۔ انہوں نے معتمد داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں تمام فریقین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسپیشل ٹاسک فورس کی آئندہ میٹنگ میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔

Hyderabad metro project land acquisitions to be completed by March 2015

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں