دھولیہ میں شرانگیزی پر مہاراشٹرا اقلیتی کمیشن کی کاروائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-28

دھولیہ میں شرانگیزی پر مہاراشٹرا اقلیتی کمیشن کی کاروائی

ممبئی
یو این آئی
مہاراشٹرا کے شہر دھولیہ کے نیر گاؤں میں شر پسندوں کے ذریعہ مسجد پر پتھراؤ اور مردہ خنزیر پھینکے جانے کے بعد اقلیتی کمیشن نے بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے سخت ہدایات جاری کردی ہیں ۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ اقلیتی کمیشن کے سربراہ محمد حسین امیر صاحب نے نیر گاؤں کے ایس پی اور پولیس انتظامیہ کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ فرقہ پرستوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے امن و امان کی بحالی کے لئے محلہ کمیٹی کو فعال کرکے امن و امان کی برقراری کے لئے کوشش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں خنزیر کا گوشت اور یہاں شر پسندوں کے زریعہ مسجد پر پتھراؤ کے بعد یہاں کے حالات انتہائی کشیدہ ضرور ہیں ، لیکن امن و امان برقرار ہے کیونکہ مسلمانوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ محمد حسین امیر صاحب نے کہا کہ پولیس انتظامیہ کو اس سلسلے میں ضروری ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ اقلیتی کمیشن کا ہنگامی دورہ فساد متاثرہ علاقہ میں منعقد کیا گیا ہے یہ دورہ31نوری سے یکم فروری تک رہے گا 31جنوری کو دھولیہ کے تمام انتظامیہ کو طلب کرکے اقلیتی کمیشن ان سے فساد و دیگر کشیدگی کے معاملے میں تفصیلات طلب کرے گا اور اس کے بعد اس کی مفصل رپورٹ حکومت اور اقلیتی محکمہ کو پیش کرے گا ۔ امیر صاحب نے کہا کہ شر پسند عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کے احکامات جاری کرنے کے بعد پولیس کو امن و امان کی بحالی کے لئے کوششیں کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ نیر گاؤں میں امن وامان برقرار ہے اس لئے مسلمانوں اور عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں ۔

Maharashtra Minority Commission On Dhulia Riots

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں