تیل کی قیمتوں میں کمی ہندوستان کے لئے ایک موقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

تیل کی قیمتوں میں کمی ہندوستان کے لئے ایک موقع

واشنگٹن
پی ٹی آئی
عالمی بینک کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں بڑی حد تک جو کمی آئی ہے اس سے ہندوستان کے لئے مواقعوں کا دروازہ کھل گیا ہے ۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہندوستان اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے معاشی اصلاحات کو آگے بڑھا سکتا ہے جس میں تیل پر سبسیڈی کو کم کرنا شامل ہے ۔ عالمی بینک کے سینئر نائب صدر اور چیف اکنامسٹ کوشک باسو نے احساس ظاہر کیا کہ اصلاحات ملک کو پھر سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں اور ملک مستقبل میں کسی بھی عالمی معاشی بحران کا سامنا کرنے کے لئے خود کو تیار کرسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات ہر ملک پر مختلف مرتب ہوں گے لیکن ہندستان جیسے ممالک کے لئے یہ ایک موقع ہے کہ وہ اپنے معاشی نظام کو بہتر بنانے کے لئے اس صورتحال سے فائدہ اٹھائے۔ ورلڈ بینک میں خدمات انجام دینے سے پہلے باسو، یوپی اے حکومت کے دور میں مرکز کے معاشی مشیر تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی کم قیمتیں ہندوستان کے لئے ایک موقع ہے اور2008کے بعد ہندوستان کو یہ موقع حاصل ہورہا ہے ۔ 6مہینوں کے دوران تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب جو قیمتیں ہیں وہ کم از کم آئندہ سال تک اعتدال پر رہیں گی اس لئے ہندوستان کو اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے معاشی اصلاحات کو آگے بڑھانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہند اگر اپنے سبسیڈی اخراجات میں کمی لاتی ہے تو مالی گنجائش میں اضافہ ہوگا اور اس اضافی گنجائش کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے انفراسٹرکچر کی تیاری کے لئے استعمال کیاجاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان چیلنجس اور امکانات سے اچھی طرح واقف ہے اور امید ظاہر کی کہ مودی حکومت حالات سے استفادہ کرنے کی کوشش کرے گی۔

Falling Oil Prices Are Golden Opportunity for India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں