سنندا کیس میں دہلی پولیس پاکستانی خاتون صحافی سے پوچھ تاچھ کی خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-10

سنندا کیس میں دہلی پولیس پاکستانی خاتون صحافی سے پوچھ تاچھ کی خواہاں

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی پولیس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی اہلیہ سنند اپشکر کی موت کے سلسلہ میں پاکستان کی صحافیہ مہر تراڑ سے پوچھ تاچھ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک سوال نامہ تیار کیاگیا ہے جو ای میل کے ذریعہ مہر کو بھیجاجائے گا اور جواب طلب کئے جائیں گے ۔ مہر نے کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور سے سنندا کی موت سے کچھ عرصہ قبل ہی ملاقات کی تھی ۔ اس نے کہا ہے کہ وہ اس کیس میں تمام سوالوں کے جواب دینے کے لئے تیار ہیں ۔ اسی دوران تھرور کے ایک ملازم نارائن سنگھ نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ رکن پارلیمنٹ اور ان کی بیوی کے درمیان تراڑ کے علاوہ ایک اور خاتون کے مسئلہ پر بھی موت سے چند دن قبل جھگڑا ہوا تھا ۔ اس نے بتایا کہ عام طور پر اس طرح کی لڑائی کے بعد سنندا اپنے خاندانی دوست کے پاس چلی جایا کرتی تھی جس کی شناخت سنگھ نے سنجے کی حیثیت سے کی ہے ۔ ملازم نے ایک اور شخص سنیل ترکرو کی بھی نشاندہی کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس جوڑے کے خاندانی دوست ترکرو سے پولیس ایک ماہ قبل پوچھ تاچھ کرچکی ہے ۔ اس نے موت سے دو دن قبل15جنوری کو سنندا سے ملاقات کی تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ترکرو ہی تھا جس نے ترواننتام پورم سے واپسی پر15نوری کو ایر پورٹ پر سنندا کا استقبال کیا تھا اور اسے لیلا پیالس ہوٹل پہونچایا تھا جہاں17جنوری کو وہ مردہ پائی گئی۔ اگلے روز اس نے تھرور اور سنندادونوں سے ہوٹل میں ملاقات کی تھی ۔ ترکرو نے پولیس کو بتایا کہ سنندا آخری ملاقات کے وقت کمزور نظر آرہی تھی ۔ سمجھاجاتا ہے کہ سنگھ نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ سنندا موت سے کچھ وقت قبل ایک پریس کانفرنس کرنے کی خواہش مند تھی ۔ اس دوران آئی ٹی نے آج ہوٹل کا دورہ کیا اور تقریباً2گھنٹے وہاں گزارے اور ہوٹل ملازمین سے پوچھ تاچھ کی ۔

Delhi Police May Quiz Pakistan Journalist in Sunanda Case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں