اوباما کا دورہ ہند - دہلی میں غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

اوباما کا دورہ ہند - دہلی میں غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات

نئی دہلی
پی ٹی آئی
یوم جمہوریہ کے موقع پر اس بار راج پتھ پر وی وی آئی پی انکلوژر کے اطراف سات گھیروں والی سیکوریٹی ہوگی ، کیوں کہ صدر امریکہ بارک اوباما اس بار مہمان خصوصی ہوں گے ۔ خصوصی طور پر نصب ایک راڈار کے ذریعہ پورے علاقہ کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ۔ یہ اقدامات قومی دارالحکومت میں زمین سے فضا تک غیر معمولی سیکوریٹی کا حصہ ہوں گے ۔ امریکی صدر کے دورہ کے مد نظر پورے قومی دارالحکومت کو ایک قلعہ میں تبدیل کردیاجائے گا ۔ کئی سرکاری ایجنسیوں پر مشتمل کنٹرول روم قومی دارالحکومت کے ہر علاقہ میں سیکوریٹی انتظامات کی نگرانی کرے گا۔ امریکی صدر کے دورہ کے مد نظر قومی دارالحکومت میں انتہائی چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ اوباما25جنوری کو سہ روزہ دورہ پر نئی دہلی پہنچ رہے ہیں ۔ یوم جمہوریہ تقریب کو خطرہ لاحق ہے تاہم امکانی دہشت گرد حملہ کے تعلق سے کوئی خاص انٹلی جنس جانکاری نہیں ہے ۔ سیکوریٹی انتظامات سے وابستہ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ نئی دہلی اور آغرہ پہنچ چکے امریکی سکریٹ سرویس کے عہدیداروں نے اس روٹ کا ابتدائی سروے کرلیا ہے جس سے اوباما گذریں گے ۔ اوباما، صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر کئی انتہائی اہم شخصیتوں کے ساتھ یوم جمہوریہ پریڈ کا مشاہدہ کریں گے ۔ اس بار امکان ہے کہ مہمان خصوصی پہلی مرتبہ علیحدہ پریڈ کے مقام پر پہنچیں گے جب کہ روایت رہی ہے کہ مہمان خصوصی صدر جمہوریہ کے ساتھ ان کی بلٹ پروف لیموزن کار میں پہنچتے ہیں ۔ اگر اوباما صدر جمہوریہ کے ساتھ ان کی کار میں پہنچتے ہیں تو وہ پہلے امریکی صدر ہوں گے جو اپنی خود کی انتہائی محفوظ بیسٹ کار میں سوار نہیں ہوں گے ۔ وی وی آئی پی انکلوژر کے اطراف سات گھیروں والی سیکوریٹی ہوگی۔ انتہائی اہم شخصیات کے قریب جو گھیرا ہوگا وہ اسپیشل پروٹکشن گروپ اور سکریٹرسرویسس کے عہدیداروں پر مشتمل ہوگا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔ فضا سے وی وی آئی پی انکلوژر کی نگرانی کے لئے ایک خصوصی راڈار نصب کیاجائے گا۔ سنٹرل سیکوریٹی ایجنسیاں اپنے پوشیدہ انسداد دہشت گردی اسکواڈس کو قومی دارالحکومت لے آئی ہیں جو ان ٹیموں کا حصہ ہوں گے جنہیں قومی دارالحکومت میں ہوٹلوں ، گیسٹ ہاؤزس اور مخدوش مقامات کی اچانک جانچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی ۔ آئی ٹی سی موریہ ہوٹل کو جہاں امریکی صدر کا قیام رہے گا ، سکریٹ سرویس کے عہدیداروں نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔ امریکی عہدیداروں نے ایک ملٹی فریکوینسی کنٹرول روم بھی قائم کردیا ہے ۔ قومی دارالحکومت میں نصب تقریباً15ہزار سی سی ٹی ویز کے فوٹیج پر نظر رکھنے کے لئے قائم کردہ کنٹرول رومس کو چلانے والی ٹیموں میں امریکی سیکوریٹی عہدیدار بھی شامل ہوں گے ۔
امریکی عہدیداروں کو یوم جمہوریہ کا ایک پاور پائنٹ پروزنٹیشن بھی دیا گیا ، جس میں یوم جمہوریہ پریڈ اور کلچرل پروگرامس کی تفصیلات شامل ہیں ۔ دہلی پولیس کے80ہزار ملازمین کے علاوہ نیم فوجی اور پڑوسی ریاستوں کی آرمڈ پولیس کے20ہزار ملازین بھی سیکوریٹی پر لگائے جائیں گے۔ قومی دارالحکومت میں بالخصوص راج پتھ کے اطراف پختہ سیکوریٹی انتظامات ہوں گے ۔ اہم مقامات پر طیارہ شکن توپیں بھی نصب ہوں گی تاکہ راج پتھ کے اطراف جو روایتی نوفلائی زون ہے فضائی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ پیش نہ آئے ۔ راج پتھ کے قریب زیر زمین میٹرو اور دفاتر کو72گھنٹے قبل بندکردیاجائے گا ۔ اہم مقامات پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیاجائے گا ۔ فضائی پریڈ کے علاقہ میں فضائی نگرانی کرے گی ۔ صدر جمہوریہ کے ایٹ ہوم میں مدعو کئے جانے والے وی وی آئی پیز کی تعداد اس بار سیکوریٹی نقطہ نظر سے مختصر کی جارہی ہے ۔ امریکی سیکوریٹی عہدیدار ہر ریہرسل ڈرل کا حصہ ہوں گے ۔ امریکی اور ہندوستانی سیکوریٹی ایجنسیاں اوباما کے لئے زیادہ خیال رکھ رہی ہیں جو راج پتھ پر زائد از دو گھنٹے کھلے پلیٹ فارم پرموجود ہوں گے ۔ تاکہ وہ یوم جمہوریہ پریڈ کامشاہدہ کرسکیں ۔ امکان ہے کہ وی وی آئی پیز انکلوژر کے اطراف بلٹ پروف شیلڈ لگائی جائے ۔ پچھلے سالوں کے بر خلاف راج پتھ تک رسائی بند کردی گئی ہے ۔ جب کہ راج پتھ سے گزرنے والی سڑکوں جیسے رفیع مارگ ، جن پتھ اور مان سنگھ روڈ کو26جنوری سے ایک یا د دون قبل عوام کے لئے بندکردیاجائے گا۔ دہلی پولیس پہلی مرتبہ یوم جمہوریہ تقاریب کے مقام کے اطراف اور شہر کے ابواب داخلہ پر چہرہ کی شناخت کرنے والے کیمرے نصب کررہی ہے ۔ جس سے قوم دشمن یا مجرمانہ عناصر کی شہر میں داخلہ سے قبل ہی نشاندہی ہوجائے گی ۔
یہ کیمرے ایر پورٹس ، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈس کے علاوہ راج پتھ جانے والی سڑکوں پر نصب ہوں گے ۔ جہاں امریکی صدر یوم جمہوریہ پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ یہ کیمرے چہروں کی شناخت کرسکیں گے ، جس سے ہجوم میں کسی کے بھی چہرہ کو پولیس کے پاس دستیاب دہشت گردوں اور مجرمانہ عناصر کی تصاویر سے تقابل کر کے دیکھاجاسکے گا ۔ کسی کا چہرہ اگر میل کھاجائے تو سافٹ ویر فوری پولیس کو الرٹ کردے گا اور مشتبہ شخص کو گرفتار کیاجاسکے گا ۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ ہم شہر کے اہم مقامات پر پریڈ کے مقام پر80تا100ایسے کیمرے نصب کریں گے ، اس بار یوم جمہوریہ پریڈ کے لئے زبردست سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔

دریں اثنا نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ایسے میں جب کہ امریکی صدربارک اوباما ہندوستان پہنچنے کی تیاری میں ہیں سرکاری عہدیدار مہر بہ لب ہیں۔ اعلیٰ سطح کے اس دورہ کے تعلق سے بہت ہی کم جانکاری مل پارہی ہے جب کہ تیاریاں زوروں پر ہیں ۔ وہ کب آئیں گے ؟ کتنے دن کے لئے ؟ آیا دہلی کے علاوہ دیگر مقامات بھی جائیں گے ؟ وی وی آئی پی کا قیام کس ہوٹل میں ہوگا؟ کیا ان کی کار بیسٹ لائی جائے گی؟ کیا وہ بیسٹ میں سفر کریں گے یا صدر جمہوریہ کی سیاہ رنگ کی لیموزن میں ؟ اخباری نمائندوں کے ان سوالات کو یا تو نرمی سے ٹال دیاجارہا ہے یا سختی سے ؟ ذرائع کو فون کالس کاسلسلہ رکنے کا نام نہیں لیتا ۔ اوباما کے تعلق سے چھوٹی سے چھوٹٰ خبر کی جانچ پڑتال امریکی اور ہندوستانی عہدیدار کررہے ہیں ۔ ان کے درمیان الزامات و جوابی الزامات کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے کہ کس نے خبر’’لیک‘‘ کی۔ اوباما کے دورہ کے تعلق سے زیادہ دلچسپ سوال جو پوچھا جارہا ہے وہ یہ ہے کہ کیا امریکی صدر امریکی لڑکیوں مالیہ اور شاشا کو ساتھ لارہے ہیں ؟ کیا ان کی اہلیہ مشل اوباما ساڑی میں ملبوس ہوں گی؟ یہ خبر عام ہے کہ امریکی ٹیم دیلی پہنچ چکی ہے تاکہ اپنے ہندستانی ہم منصبوں کے ساتھ امریکی صدر کے ایجنڈا اور دورہ کے سیکوریٹی پہلوؤں پر بات چیت کی جاسکے ۔ دہلی پولیس کی امریکی سکریٹ سرویس کے عہدیداروں سے ملاقات ہوچکی ہے ۔ آگرہ ضلع نطم و نسق سے بھی کہہ دیا گیا ہے کہ وہ اوباما اور مشل کے امکانہ دورہ کے مد نظر سیکوریٹی سخت کردے ۔ اوباما25جنوری کو سہ روزہ دورہ پر پہنچیں گے ۔ وہ26جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کریں گے ۔ صبح مین وہ یوم جمہوریہ پریڈ کا مشاہدہ کریں گے اور شام میں صدر جمہوریہ کے ایٹ ہوم میں موجود ہوں گے ۔امکان ہے کہ وہ ایک تعلیمی ادارہ میں ٹاؤن ہال طرز کے اجلاس سے مخاطب کریں گے ، جیسا کہ انہوں نے2010ء میں اپنے ممبئی دورہ میں کیا تھا ۔ خبر ہے کہ اوباما اور مشل آگرہ جائیں گے اور سنگ مرمر کی یادگار عمارت کا مشاہدہ کریں گے ۔ دہلی ہائی کورٹ نے اوباما کے دورہ کے مد نظر ہزاروں سی سی ٹی وی کی تنصیب پر حکومت کو نشانہ تنقید بنایا ہے اور طنزکیا ہے کہ شہریوں کی سیکوریٹی کے معاملہ میں حکومت نے ایسی جلد بازی کبھی نہیں دکھائی ۔ عدالت نے سختی سے کہا کہ ایک بیرونی صدر کی وجہ سے آپ یہ کررہے ہیں ، ہندوستانی شہریوں کے لئے نہیں، اوباما کا یہ دوسرا دورہ ہند ہوگا۔ یوم جمہوریہ پر پریڈ میں مہمان خصوصی کے طور پر کوئی امریکی صدر پہلی مرتبہ شرکت کررہا ہے ۔

Delhi, Mumbai gear up for Obama visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں