میڈیا اپنی ذمہ داری کو خود محسوس کرے - وزیر اطلاعات جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

میڈیا اپنی ذمہ داری کو خود محسوس کرے - وزیر اطلاعات جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
خزانہ، کارپوریٹ امور اور اطلاعات و نشریات کے وزیر ارون جیٹلی نے کہا کہ میڈیا کی شکل و صورت اور مواد میں تبدیلیوں نیز خبروں کی تشریح میں تبدیلی کی وجہ سے گزشتہ دہائیوں کے دوران میڈیا کی آزادی اور جوابدہی سے متعلق میڈیا کا روایتی خدو خال تبدیل ہوا ہے ۔ الیکٹرونک میڈیا میں خبروں کی تشریح وہی ہوتی ہے جنہیں کیمرہ قید کرسکتا ہے ۔ آج ان تبدیلیوں کے لئے ٹکنالوجی سب سے اہم ذریعہ بن گئی ہے۔ ٹکنالوجی کا اثر اسی طرح مرتب ہوتا ہے جس طرح ڈیجیٹل اسپیس سمیت مختلف تکنیکی آلات اور میڈیا پلیٹ فارموں پر پورے ہفتہ چوبیس گھنٹے معلومات فراہم کی جاتی ہیں ۔ جیٹلی نے ان خیالات کا اظہار آج نیوز براڈ کاسٹر اسوسی ایشن کے زیر اہتمام میڈیا کی آزادی اور ذمہ داری کے موضوع پر منعقد پہلے جسٹس جے ایس ورما میموریل لیکچرس میں اپنے خطبے کے دوران کہی ہے۔ جیٹلی نے اپنی بات کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی ترقی نے سینسر شپ کی شکل بھی بدل دی ہے اور ملکیت کے طور طریقوں ، مالی پائیداری اور مالی ماڈل کے تناظر میں خود میڈیا میں ہی چیلنج پیدا کردئے ہیں ۔ اس کے نتیجے میں پیڈ نیوز جیسے حالات پیدا ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے سامنے حساس امور سے نمٹنے کے معاملے میں ذہن سازی کے طور پر کردار ادا کرنے کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ خبروں کے معیار اور اس کی ساکھ کو یقینی بنانے کا چیلنج بھی ہے ۔ جیٹلی نے مزید کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری، سلامتی ، سماجی کشیدگی ، افراد کی پرائیویسی اورعدالتی کارروائیوں سے متعلق معاملات کی رپورٹنگ کرتے وقت کافی بڑھ جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے زیر غور معاملات کی رپورٹنگ کرتے وقت میڈیا کو معاملے ، مساوی ٹرائیل سے بچنے کی ضرورت ہے ۔ اپنی تقریر کے دوران جیٹلی نے انسانی حقوق ، جنسی مساوات اور میڈیا کی آزادی کے معاملات کے تئیں سماج کو حساس بنانے میں جسٹس جے ایس ورما کے گراں قدر تعاون کو بھی یاد کیا۔

دریں اثنا نئی دہلی سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ ریلوے یا کول انڈیا کو خانگیانے حکومت کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور مودی حکومت زیادہ سیز یادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ہی مزدوروں کے مفادات کا تحفظ کرکے عام لوگوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کررہی ہے ۔ جیٹلی نے ملک کی اہم مزدور تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ بجٹ سے قبل مذاکرات کے دوران انہیں یقین دلایا کہ حکومت ریلوے اور کول انڈیا کی نجکاری نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ابھی زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مزدوروں کے مفادات کا دفاع کرنا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی عام لوگوں کی زندگی کے معیار کو بھی بہتر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت حکومت انفراسٹرکچر سیکٹر میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرکے روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ہمارا کام کرنے کا طریقہ الگ ہو لیکن ہدف صرف ایک ہی ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت منظم اور غیر منظم سیکٹروں کے ملازمین کے لئے بہتر سماجی سیکوریٹی نظام بنانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی63فیصد سے زائد آبادی 15سال سے59 سال کی عمر کی ہے اور یہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے ۔

Media Contours changed in the last two decades –Arun Jaitley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں