تلنگانہ میں سوائن فلو کا جائزہ لینے مرکزی ٹیم کی آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-23

تلنگانہ میں سوائن فلو کا جائزہ لینے مرکزی ٹیم کی آمد

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ میں سوائن فلو کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی سہ رکنی مرکزی ٹیم شہر کو پہنچ چکی ہے ۔ یہ ٹیم، سوائن فلو کے بڑھتے واقعات کو روکنے حکومت تلنگانہ کو درکار فنی رہنمائی کرے گی کیونکہ مہلک وائرس سے آج مزید2افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ مرکزی وزیر صحت جے پی ندا نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی درخواست پر ریاستی حکومت کو تیقن دیا تھا کہ سوائن فلو سے نمٹنے کے لئے ایک مرکزی ٹیم تعینات کی جائے گی اور اس کے علاوہ ریاست کو ہر ممکن انصرامی و طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ مرکزی ٹیم ریسرچرس، وائرولوجسٹ اور ایپی ڈیمیو لوجسٹ پر مشتمل ہے جن کے ارکان گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس اور ریاستی محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کررہے ہیں تاکہ سوائن فلو کے وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ سرکاری دواخانوں میں داؤں کی دستیابی اور سوائن فلو کے مریضوں کے علاج کے لئے دواخانوں میں دستیاب سہولتوں کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے ۔ یہ ٹیم دہلی واپس ہوکر مرکزی حکومت کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی ۔ ایک ریاستی سطح کی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ہے ۔ یہ ٹیم چیف سکریٹری ڈاکٹرراجیو شرما کی زیر نگرانی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کل شام اپنی کابینہ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا جس میں انہوں نے سوائن فلو سے نمٹنے کے لئے جنگی خطوط پر سلسلہ وار اقدامات کا اعلان کیا ۔ اسی دوران آج سوائن فلو سے متاثر مزید2افراد کی موت واقع ہوگئی اس طرح جاریہ ماہ سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 13تک پہنچ گئی ہے ۔ اسی دوران ریاستی حکومت نے محکمہ صحت کے سربراہ سامبا شیواراؤ کو ان کے عہدہ سے ہٹا دیا ہے ۔ ان کا کہیں اور تبادلہ کردیا گیا ہے کیونکہ وہ سوائن فلو سے نمٹنے بر وقت اقدامات میں ناکام رہے ۔

Central team to TS as Swine Flu toll mounts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں