بردوان دھماکہ - بنگلہ دیش کے 4 عسکریت پسند گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-29

بردوان دھماکہ - بنگلہ دیش کے 4 عسکریت پسند گرفتار

کولکتہ
آئی اے این ایس
بردوان میں گزشتہ2اکتوبر کے دھماکہ کے سلسلہ میں جماعت المجاہدین بنگلہ دیش( جے ایم بی) کے ان4عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو مغربی بنگال میں دہشت گردی کیمپس چلانے کے ذمہ دار تھے ۔ نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی (این آئی اے) کے عہدیداروں نے کل رات ڈی شیخ، مطیع الرحمن، حبیب الرحمن اور غیاث الدین منشی کو گرفتار کرلیا ۔ این آئی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ’’ اس کیس میں12ملزمین کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے اور مزید4افراد کو گرفتار کیاگیا ہے ۔ آج ان4گرفتار شدگان کو کولکتہ میں خصوصی عدالت این آئی اے میں پیش کیا گیا اور مزید پوچھ تاچھ کے لئے ان کا پولیس ریمانڈ حاصل کیا گیا ۔ بردوان میں دھماکہ کی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ جے ایم بی نے کئی اضلاع بالخصوص مغربی بنگال کے اضلاع مرشدآباد ،ناڈیا، مالدہ بیر بھوم اور بردوان، آسام کے ضلع بار پیٹا ونیز جھار کھنڈ کے اضلاع صاحب گنج اور پکور میں اپنے نیٹ ورک قائم کئے تھے۔ این آئی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ جے ایم بی کے سینئر ارکان نے مرشدآباد میں بلڈنگا اور مقیم نگر ، بیر بھوم میں نانور اور بردوان میں کھاگرا گڑھ و نیز سمولیا میں دہشت گردوں کے تربیتی مراکز اور بم سازی یونٹس قائم کئے تھے۔‘‘ این آئی اے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی شیخ ، اپنی تنظیم کے لئے اڈے اور خفیہ ٹھکانے قائم کرنے اور فنڈس اکٹھا کرنے میں ملوث تھے ۔ بردوان دھماکہ میں جے ایم بی کے2عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے ۔ ایک مہلوک کا نام شکیل غازی تھا جو مطیع الرحمن کا قریبی دوست تھا۔ محروس حبیب الرحمن، بردوان دھماکہ کے سازشی ساجد عرف شیخ رحمت اللہ کا قریبی رفیق ہے ۔ ساجد، مرشدآباد کے مقیم نگر مدرسہ میں دہشت گردوں کا ایک تربیتی کیمپ چلایاکرتا تھا ۔ جے ایم بی کے بنگلہ دیشی ارکان کو محفوظ مقامات اور سہولتوں کی فراہمی میں غیاث الدین منشی اور اس کی اہلیہ دونوں ملوث تھے ۔ ان دونوں نے جے ایم بی ٹریننگ بھی حاصل کی تھی ۔ پی ٹی آئی کے بموجب این آئی اے نے بردوان دھماکہ کے چندر روز بعد مغربی بنگال پولیس سے یہ کیس اپنے ذمہ لے لیاتھا۔ یہ دھماکہ گزشتہ2اکتوبر کو ایک مکان میں ہوا تھا ۔ این آئی اے نے بنگلہ دیشی دہشت گرد تنظیم جماعت المجاہدین سے مبینہ طور پر ان ملزمین مزید روابط اور غیر منکشف حقائق کا تفصیلی انکشاف کرنے کے لئے3فروری تک کے لئے مزید مہلت طلب کی ۔

Burdwan blast case: 4 more JMB operatives held in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں