ساکشی مہاراج کو بی جے پی کی وجہ نمائی نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-14

ساکشی مہاراج کو بی جے پی کی وجہ نمائی نوٹس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی کے متنازعہ رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کو بی جے پی نے وجہ نمائی نوٹس روانہ کی ہے۔ پارٹی کے ترجمان شاہنواز حسین نے آج کہا کہ پارٹی کے اناؤ سے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج سے ان کے متنازعہ بیانات پر وضاحت طلب کی گئی ہے انہیں ایک ہندو خاتون کو کم از کم4بجے پیدا کرنے کا مشورہ دینے سے متعلق اپنے متنازعہ ریمارکس کی وضاحت کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ حسین نے پارٹی کے تمام قائدین سے اس طرح کے متنازعہ بیانات سے گریزکرنے کے لئے کہا جو اپوزیشن کو این ڈی اے حکومت پر حملہ کا موقع فراہم کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی فورمس میں گفتگو کرتے ہوئے پارٹی خطوط کا خیال رکھیں ۔ ساکشی مہاراج کے بیان کو ناپسند قرار دیتے ہوئے شاہنواز حسین نے کہا کہ اس بیان سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے اور ان سے اس پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ہندو خواتین کو 4بچے پیدا کرنے کے لئے اکسانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے شاہنواز حسین نے کہا کہ یہ والدین کا حق ہے کہ وہ کتنے بچے پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ ان پر اس بارے میں کوئی دوسرا فیصلہ مسلط نہیں کرسکتا ۔ اس بیان پر انہیں (ساکشی کو)نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت کے موقع پر جب بی جے پی ترجمان سے آبادی کے بارے میں پارٹی کا نقطہ نظر پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ آبادی پر قابو پایا جائے کیونکہ یہ ترقی کے مفاد میں ہے ۔ گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کی تعریف اور حال ہی میں ہندو خواتین کو چار بچے پیدا کرنے کا مشورہ دینے کے متنازعہ بیانات دینے والے رکن پارلیمنٹ ساکشی سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کاہ کہ نوٹس سے وہ لاعلم ہیں ۔ اگر پارٹی نے نوٹس بھیجی ہے تو ان کے دفتر کو یقیناًملی ہوں گی تاہم یہ بی جے پی کا داخلی معاملہ ہے اس کا میڈیا سے کچھ لینا دینا نہیں ہے ۔ لوک سبھا میں اناؤ کی نمائندگی کرنے والے ساکشی مہاراج نے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی غلط بات کہی ہے تو پارتی ان سے وضاحت طلب کرسکتی ہے ۔ ساکشی مہاراج آج صبح قومی دارالحکومت واپس ہوئے جہاں ریلوے اسٹیشن پر صحافیوں نے ان پر سوالات کی بوچھاڑ کردی ۔ تاہم انہوں نے وجہ نمائی نوٹس سے متعلق سوالات کو ٹال دیا ۔ صدر بی جے پی امیت شاہ کی ہدایت پر پارٹی نے کل ساکشی مہاراج کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے کہ حالیہ عرصہ میں ان کے متنازعہ ریمارکس پر کیوں نہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ساکشی مہاراج سے اندرون10یوم جواب طلب کیا گیا ہے ۔ ساکشی کے متنازعہ بیانات سے بی جے پی نے خود کو بے تعلق قرار دیتے ہوئے اپنے ورکرس اور عوامی نمائندوں کو ہدایت دی تھی کہ اس طرح کے تبصروں سے گریز کریں ۔

BJP slaps show cause notice on Sakshi Maharaj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں