اکشر دھام مندر حملہ کیس - باعزت رہا کردہ ملزمین ہرجانہ کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

اکشر دھام مندر حملہ کیس - باعزت رہا کردہ ملزمین ہرجانہ کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع

ممبئی
یو این آئی
گجرات کے اکشر دھام مندر میں ہوئے فدائین حملے کے معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے باعزت بری کئے گئے ملزمین نے آج11برسوں تک اپنے ناکردہ گناہوں کی سزا بھگتنے کے خلاف گجرات پولیس کے اعلی افسران کے خلاف کارروائی کرنے اور معاوضہ دلانے کی ایک عرضداشت سپریم کورٹ میں داخل کی ہے، یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں ان ملزمین کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرا نے دی ہے ۔ تنظیم کی قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر سپریم کورٹ میں ایک عرضداشت داخل کی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گجرات پولیس کے افسران ڈی جی ونجارہ ، جی ایل سنگھل، وی ڈی ونار، اور آر آئی پٹیل کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جن کے ظالمانہ اور غیر منصفانہ کارروائیوں سے سبب ان ملزمین کو اپنی زندگی کے قیمتی گیارہ سل جیل کی صعوبتیں جھیلنے میں گزارنے پڑے۔ گلزار اعظمی نے کہا کہ پولیس افسران پر کارروائی کرنے کے علاوہ ملزمین کی جانب سے جمعیۃ نے گجرات حکومت سے بھی معاوضہ طلب کیا ہے جس کے سبب ان ملزمین کو جیل میں رہنا پڑا ۔ واضح رہے کہ اس معاملے میں گجرات کی خصوصی پوٹا عدالت نے گرفتار کل چھ ملزمین میں سے تین ملزمین کو پھانسی کی سزا دی تھی اور اس کی گجرات ہائی کورٹ نے توثیق بھی کردی تھی جب کہ بقیہ تین ملزمین کو عمر قید سے لے کر پانچ برسوں کے قید با مشقت کی سزائیں دی گئی تھی ۔ گجرات ہائیکورٹ کی جانب سے پھانسی کی سزا کی توثیق کیے جانے اور گجرات عدالت کی جانب سے ملزمین کو عمر قید سے لے کر پانچ برسوں کی سزا تجویز کیے جانے کے خلاف جمعیۃ علماء نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس پر فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے ملزمین کو بے قصور اور بے گناہ پایا تھا اور ان کی سزاؤں کو رد کرتے ہوئے انہیں با عزت بری کیے جانے کا فیصلہ سنایا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں