جی ایس ٹی کے نفاذ سے ملک میں تجارتی ماحول بہتر ہوگا - ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-20

جی ایس ٹی کے نفاذ سے ملک میں تجارتی ماحول بہتر ہوگا - ارون جیٹلی

چینائی
پی ٹی آئی
وزیر فینانس ارون جیٹلی نے سال2015-16ء کے بجٹ سے قبل آج کہا کہ تمام سبسیڈیوں کو معقول بنانے ’’سرمایہ کاری راغب کرنے اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی وزیر نے یہاں سی آئی آئی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری سے پکوان گیس پر بینکوں کے ذریعہ سبسیڈی دی جارہی ہے ۔ ہمیں تمام سبسیڈیوں کو بتدریج معقول بنانے کی ضرورت ہے ۔ توقع ہے کہ حکومت آر بی آئی کے سابق گورنر بمل جالان کی زیر صدارت مالیاتی مصارف کمیشن کی سفارشات کو 2015-16ء کی بجٹ میں شامل کرے گی ۔باور کیاجاتا ہے کہ بمل جالان نے وزارت فینانس کو عبوری سفارشات پیش کی ہیں جن میں سبسیڈیوں اور عوامی مصارف کو معقول بنانے مختلف اقدامات تجویز کیے ہیں ۔ تیل او ر فرٹیلائزر پر حکومت کا سبسیڈی بل لاکھوں کروڑ روپے تک جا پہنچتا ہے ۔ مرکزی وزیر نے ٹیکس اور دیگر پالیسیوں میں استحکام کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ہندوستان کو سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش مقام بنایاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ گڈس اینڈ سرویس ٹیکس( جی ایس ٹی) کے نفاذ سے ملک میں تجارتی ماحول بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ ارون جیٹلی کے مطابق مختلف ریاستوں نے جی ایس ٹی کا خیر مقدم کیا ہے اور کسی بھی ریاست کو اس نئے ٹیکس نظام پر عمل کرنے سے ایک رو پیہ کا بھی نقصان نہیں ہے ۔حصول اراضی قانون میں مجوزہ تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہا کہ اس کی وجہ سے آخر کار کسانوں کو اپنی اراضی کے لئے بہتر قیمت حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی انفراسٹرکچر و صنعتی راہداریوں کے قیام سے اراضی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگا اور دیہی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق ایک ایسے وقت جب کہ بجٹ کی پیشکشی کے لئے صرف دیڑھ ماہ باقی رہ گیا ہے ، وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ حکومت انفراسٹر کچر مصارف میں اضافہ کے لئے خصوصی اقدامات روبہ عمل لائی گئی ہے اور سبسیڈیوں کو معقول بنانے اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بالیاتی خسارہ کی موجودہ رکاوٹوں کے باوجود یہ ہمارے لئے ایک دشوار اور اہم موقع ہے ۔ اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ جہاں تک عوامی سرمایہ کاری کا سوال ہے ۔ کچھ خصوصی اقدامات درکار ہیں ۔ انہوں نے معاشی ترقی میں اضافہ کے لئے انفراسٹرکچر کے شعبہ میں عوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔ ارون جیٹلی نے یہاں سی آئی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی و خانگی شراکت داری ماڈل دباؤ میں ہے اور ہمیں اس کا احیاء کرنا ہوگا ۔ ہم اسی راستہ پر ہیں اور امید ہے کہ حکمرانی میں الجھنیں دور کرتے ہوئے ہم آگے بڑھ سکیں گے ۔

Govt will gradually rationalise all subsidies, says Arun Jaitley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں