دبئی میں دنیا کے پہلے نباتی نسخہ قرآن حکیم کی نمائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-09

دبئی میں دنیا کے پہلے نباتی نسخہ قرآن حکیم کی نمائش

World-first-herbal-Quran-Dubai
دبئی
پی ٹی آئی
دنیا کا انوکھا اور اپنی نوعیت کا اولین نسخہ قرآن حکیم متعارف کیا گیا جو مکمل طور پر جڑی بوٹیوں اور طبی پودوں سے تیار کیا گیا ہے ۔ یہ نسخہ طباعت کے کسی بھی مرحلہ سے نہیں گزرا اور دستکاری کا اعلی ترین نمونہ ہے ۔ اسلامی فنون وخطاطی کی مشہور و معروف کمپنی ’’حدم آرٹس‘‘کو قرآن حکیم کے اس نسخہ کی تکمیل میں 23سال لگ گئے ۔ ترکی کے یونانی ڈاکٹر ہمدی طاہرنے اس کو تحریر کرنے کا عمل1957ء میں شروع کیا تھا جو1979میں منزل تکمیل کو پہنچا ۔ اسے یونانی طبی نظام کے مطابق انتہائی موثر نباتی مرکبات سے تحریر کیاگیا ہے ۔ اس کے نباتی اور اق معالجاتی اور شفا بخش اجزاء سے اس طرح تیار کئے گئے ہیں کہ تلاوت گزار جب صفحات پر تحریر الفاظ کے اطراف انگلیاں پھیرے تو نباتی اجزاء مساموں کے ذریعہ جسم کے اندر داخل ہوکر اثر اندازی شروع کردیتے ہیں جس کے نتیجہ میں تلاوت گزار کو طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ حدم آرٹس نے ایک بیان میں قرآن کے نایاب نسخہ کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے مزید وضاحت کی کہ نباتی کریم سے تحریر کردہ قرآن حکیم606صفحات پر مشتمل ہے جس کا وزن 7.5کلو گرام ہے ۔ اس نسخہ کو صبر و استقلال کے ساتھ دستکاری کا نایاب نمونہ بنانے کی کوشش برسوں جاری رہی۔ اس کا لفظ لفظ اور ڈیزائن فن دستکاری سے مزین ہے ۔ جس کی طباعت میں مشینی ٹکنالوجی کو کوئی دخل نہیں ۔ اس کو کسی بھی مشینی سازو سامان کی مدد سے پاک رکھا گیا ہے جس کے سبب یہ اپنی نوعیت کا اعلین واحد نسخہ ہے۔ حدم آرٹس میں مشیر اسلامی امور عبدالاعز بن حسن سرنے تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دنیا میں اس نسخہ کے مماثل کوئی اور نسخہ موجود نہ ہونے کی تصدیق کے لئے80ممالک کے114میوزیمس سے ربط قائم کیا۔ حقیقی معنوں میں یہ نسخہ اپنی نوعیت کا واحد نسخہ ہے ۔ حدم آرٹس ایسی کمپنی اور ایک ایسا ادارہ ہے جس کے غیر معمولی نوعیت کے قرآن ، اسلامی فنون ، خطاطی اور علم مہارت کے مظاہرہ پر ناز و افتخار ہے ۔

World's first herbal Qur'an exhibited in Dubai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں