تاج محل کس کی ملکیت - لوک سبھا میں اسد اویسی کا حکومت سے سوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-09

تاج محل کس کی ملکیت - لوک سبھا میں اسد اویسی کا حکومت سے سوال

نئی دہلی
اعتماد نیوز / پی ٹی آئی
بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے لوک سبھا میں سوال کیا کہ تاج محل کس کا ہے ؟ وقفہ سوالات کے دوران وزیر تہذیبی امور مہیش شرما میوزیم سے متعلق ایک سوال کا جواب دے رہے تھے تب ضمنی سوال کی حیثیت سے بیرسٹر اویسی نے وزیر موصوف سے یہ استفسار کیا ۔ بیرسٹر اویسی کی نشست کے بازو بیٹھے سماج وادی پارٹی کے رکن دھرمیندر یادو نے میوزیم سے متعلق پہلا ضمنی سوال کیا تب بیرسٹر اویسی نے ایوان کی توجہ دلاتے ہوئے وزیر تہذیبی امور سے پوچھا کہ تاج محل کس کا ہے ؟ بیرسٹر اویسی کے اس سوال کا وزیر موصوف جواب نہیں دے پائے ۔ وہ بیرسٹر اویسی کے اس سوال کو نظر انداز کرتے ہوئے دیگر ارکان جنہوں نے ضمنی سوالات پوچھے ان کی طرف متوجہ ہوگئے اس طرح حکومت تاج محل کے بارے میں بیرسٹر اویسی کے سوال کا سامنا نہ کرسکی۔ حالیہ دنوں میں تاج محل کے بارے میں اتر پردیش بی جے پی یونٹ کے صدر لکشمی کانت باجپائی نے یہ دعویٰ کیا کہ یہ مندر کی جگہ ہے ۔ گزشتہ مہینے اتر پردیش کے سینئر وزیرا عظم خان نے تاج محل کو وقف کی جائیداد قرار دیتے ہوئے اس کی آمدنی سے مسلمانوں کو مستفید کرنے کی تجویز پیش کی تھی ۔ اس تناظر میں بیرسٹر اویسی نے حکومت پر تاج محل کے موقف سے متعلق چھبتا ہوا سوال کیا ۔ میوزیم سے متعلق اصل سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مہیش شرما نے کہا کہ قدیم محطوطات و تاریخی و تہذیبی دستاویزات کے تحفظ کے لئے مرکزی حکومت کو مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے مالیہ کی فراہمی کے لئے تجاویز وصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مخطوطات سے متعلق قومی مشن کے تحت ریاستوں کو فنڈ مہیا کیے جاتے ہیں تاکہ وہ ان دستاویزات کا صحیح تحفظ کرسکیں ۔

Who owns the Taj Mahal, asks MP Assaduddin Owaisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں