مالدار مسلمان اپنے غریب بھائیوں کی مدد کریں - مسلم پرسنل لا بورڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-15

مالدار مسلمان اپنے غریب بھائیوں کی مدد کریں - مسلم پرسنل لا بورڈ

لکھنو
پی ٹی آئی
آگرہ میں مبینہ زبردستی تبدیلی مذہب کے تنازعہ کے بیچ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے آج وشوا ہندو پریشد اور دوسری ہندو تنظمیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ غریب مسلمانوں کو پھانسنے کے لئے تبدیلی مذہب کی مہم چلارہی ہیں۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے حکومت سے سخت اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے بورڈ نے کہا کہ اگر مالدار مسلمان متحد ہوجائیں اور اپنے غریب بھائیوں کی مدد کریں تو فرقہ پرست طاقتوں کے ناپاک عزائم کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ جنرل سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا نظام الدین نے کہا کہ آگرہ میں دیکھنے میں آیا ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں نے آدھا ر اور راشن کارڈ کا لالچ دے کر مسلمانوں کا مذہب تبدیل کیا۔ وشوا ہندو پریشد اور دوسری ہندو تنظیموں نے مسلمانوں کی غربت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تبدیلی مذہب کی مہم چھیڑی ہے ۔ انہون نے کہا کہ اگر مالدار مسلمان متحد ہوجائین اور اپنے ان بھائیوں کی مدد کریں جو سماجی اور معاشی لحاظ سے کمزور ہیں تو فرقہ پرست طاقتوں کی اس مہم کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ وشوا ہندو پریشد کے ترجمان شرد شرما نے تاہم جبراً تبدیلی مذہب کی تردید کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم تبدیلی مذہب پر امتناع کا مطالبہ کررہے ہیں یہ سماج کے لئے بہتر نہیں ہے اس کی روک تھام کے لئے قانون بننا چاہئے ۔
انہوں نے تاہم کہا کہ جن لوگوں کا جبراً مذہب تبدیل ہوا ہے وہ ا پنے مذہب میں واپس ہورہے ہیں تو پھر ایسے میں وشوا ہندو پریشد کو ذمہ دار کیسے ٹھہرایاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور عیسائیوں کو بھی تبدیلی مذہب پر امتناع اور اس کے لئے قانون سازی کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ ان اطلاعات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ہندو تنظیم نے علی گڑھ میں25دسمبر کو عیسائیوں اور مسلمانوں کا اجتماعی طور پر تبدیلی مذہب کرنے کا اعلان کیا ہے مولانا نظام الدین نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسی حرکتوں کے پس پردہ تنظیموں کے ’’اصل اداروں‘‘ کا نوٹ لے ۔ بورڈ کے رکن مولانا خالد رشید فرنگی محؒ ی نے کہا کہ تبدیل مذہب مہم کا مقصد یوپی میں2017ء کے اسمبلی الیکشن سے قبل ماحول خراب کرتے ہوئے ووٹ بٹورنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی طاقتوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تقاضہ وقت ہے کہ مالدار مسلمان غریب مسلمانوں کا خیال رکھیں ۔ تاکہ ایسی تنظیموں کی تبدیلی مذہب کی کوششیں ناکام ہوجائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس کے دن تبدیلی مذہب کا اعلان خود کشیدگی پھیلانے کی کوشش ہے اور اس سے سختی سے نمٹا جانا چاہئے

Wealthy Muslims unite and help their brothers :personal law board

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں