جموں و کشمیر میں 49 اور جھار کھنڈ میں 61 فیصد پولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-15

جموں و کشمیر میں 49 اور جھار کھنڈ میں 61 فیصد پولنگ

سری نگر؍رانچی
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں18حلقوں پر آج49فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ ایک انتخابی عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ رائے دہندوں نے انتہائی سرد موسم اور علیحدگی پسندوں کی بائیکات کی اپیل کا جرات سے مقابلہ کرتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لیا ۔ تقریباً ایک درجن مقامات پر حریف سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان معمولی تصادم ہوا ،جبکہ بی جے پی کے دو امید واروں کی جانب سے ایک رائے دہندہ اور ایک انتخابی عہدیدار پر حملہ کے واقعات پیش آئے ۔ اس کے علاوہ اضلاع اننت ناگ ، شوپیان اور سری نگر میں رائے دہی پر امن رہی ۔ سب سے زیادہ رائے دہی سامبا کے وجئے پور ہ حلقہ میں63.44فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم سری نگر کے حلقہ ہبا کدل میں13.44فیصد ہوئی ۔ سردی کی شدید لہر کے باوجود مراکز رائے دہی پر عوام کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔ خواتین بی گرم لباس میں ملبوس طویل قطاروں میں کھڑی دیکھی گئیں ۔ سوناوار حلقہ میں جہاں سے چیف منسٹر عمر عبداللہ مقابلہ کررہے ہیں،33.8فیصد رائے دہی ہوئی۔ بی جے پی امید وار جاوید احمد قادری نے ایک مرکز پر نامعلوم شخص کو یہ کہتے ہوئے مارپیٹ کی کہ وہ ووٹر سلیپ کے بغیر مرکز میں داخل ہوگیا ۔ یہ واقعہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں موچھوڑ علاقہ میں پیش آیا ۔ یہ واقعہ کیمرے میں محفوظ ہوگیا ۔ ایک اور واقعہ میں حلقہ اسمبلی امیر کدل سے بی جے پی کی امید وار حنا بھٹ نے چناپورہ علاقہ میں ایک مرکز رائے دہی پر انتخابی عملہ سے سخت بحث و تکرار کی ۔ عینی شاہدین کے مطابق حنا بھٹ نے ایک انتخابی عہدیدار پر تھپڑ رسید کردیا، تاہم حنا نے اس کا انکار کیا اور دعویٰ کیا کہ اس نے عہدیدار کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ وہ بوتھ میں دھاندلی کا ارتکاب کررہا تھا ۔ جھار کھنڈ کے15حلقوں میں چوتھے مرحلہ کے تحت آج ووٹ ڈالے گئے۔ انتخابی عہدیداروں کے مطابق رائے دہی مکمل طور سے پر امن رہی اور مجموعی طور پر61.6فیصدریکارڈ کی گئی ۔ دھن آباد میں سب سے کم39فیصد رائے دہی ہوئی۔ دیو گڑھ میں51فیصدووٹنگ ہوئی۔ مدھو پور میں جہاں سے وزیر اقلیتی امور حاجی حسین انصاری مقابلہ کررہے ہیں ۔ دوپہر ایک بجے تک56فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ اس مرحلہ میں کانگریس 11حلقوں پر اور آر جے ڈی4حلقوں پر مقابلہ کررہی ہے ۔

Jammu and Kashmir Sees 49 pc Polling; Jharkhand over 61 pc

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں