تلنگانہ میں 100 کروڑ کی لاگت سے گودام تیار کئے جائیں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-05

تلنگانہ میں 100 کروڑ کی لاگت سے گودام تیار کئے جائیں گے

محبوب نگر
عبدالاحد صدیقی / ایس این بی
وزیر مارکٹنگ و آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں100کروڑ روپے کی لاگت سے اندرون تین سال گوداموں کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ، آج محبوب نگر کے بادے پلی نزد جڑ چرلہ میں 2.75کروڑ روپے مالیتی گودام کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت فنڈ پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی ۔ کسانوں کو ان کے زرعی پیداوار کی اقل ترین امداد حکومت ادا کرے گی ۔ انہوں نے پیشرو حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مسائل کو یکسر نظر انداز کردیاگیاتھا ۔ لیکن ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھائے گی اور زرعی پیداور کا ذخیرہ کرنے کے لئے گودام تعمیر کئے جائیں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ زرعی شعبہ کو ترقی دینا تلنگانہ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیر موصوف نے انکشاف کیا کہ ریاست کے چھ اضلاع میں اسٹور ہاؤز کی سہولت نہیں ہے۔ ضلع محبوب نگر بھی پچھلے کئی سالوں سے کئی سہولتوں سے محروم ہے ۔ یہاں گودام کی سہولت بھی نہیں ہے ۔ لیکن اب کسانوں کو پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے ، حکومت عوام بالخصوص کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت تلنگانہ کے کسانوں کو تیقن دیا تھا کہ ان کی زرعی پیداوار کے تحفظ کو یقینی بناکر اقل ترین امداد ی قیمت ادا کی جائے گی ۔ آج حکومت اپنے تمام وعدوں کو ایک کے بعد دیگر مکمل کررہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کپاس کے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ ہرگز پریشان نہ ہوں ۔ حکومت نے کپاس کی پیداوار کی خریدی کے لئے رضا مندی کا اظہار کیا ہے، حکومت نے کپاس کی خریدی کے لئے79سی سی اے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دریں اثناء وزیر بھاری آبپاشی ہریش نے محبوب نگر کے دورہ کے موقع پر کئی ایک افتتاحی تقاریب میں شرکت کی ۔
ریاستی وزیر محبوب نگر ایس سی آفس محکمہ آبپاشی کے بھون میں موسوم کردہ انجینئر علی نواز جنگ بہادر جل سویدھا کا افتتاح کیا۔ اسی طرح محبوب نگر مارکٹ روڈ کے جدید شیڈس اور سی سی روڈ کا افتتاح کیا ۔ بعد ازاں ریاستی وزیرنے شہر محبوب نگر کے قلب میں واقع بڑے تالاب کا بھی معائنہ کیا اور اس کو مرکزی تفریح گاہ منی ٹینک بنڈ بنائے جانے پر تفصیلی گفتگو رکن اسمبلی محبوب نگر اور عہدیداروں سے بھی کی۔ ہریش راؤ نے ضلع پریشد اجلاس ہال میں منعقدہ ضلع کے تالابوں پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ جسمیں ضلع کے ارکان پارلیمان اور اسمبلی بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر ضلع کے تالابوں کے لئے ایک چیف انجینئر متعین کیاجائے گا ۔ جس سے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں پانی کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے ۔ جب کہ سابقہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں سیما آندھرا ئی وزراء اعلیٰ اور قائدین نے تلنگانہ کے تالابوں کو نظر انداز کیا، جس کی وجہ سے تلنگانہ کو آبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر پریہ درشنی،چیئرمین ضلع پریشد ، بی بھاسکر ، ارکان اسمبلی سرینواس گوڑ، اے وینکٹیشور ریڈی ، انجیایادو، مری جناردھن ریڈی،جی بالراج ، لکشمار یڈی ، اور جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ کانگریسی ارکان اسمبلی جی چنا ریڈی ، رام موہن ریڈی ، سمپت کمار اور دیگر بھی موجود تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں