شاردا اسکام - مغربی بنگال کے وزیر ٹرانسپورٹ مدن مترا گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-13

شاردا اسکام - مغربی بنگال کے وزیر ٹرانسپورٹ مدن مترا گرفتار

کولکتہ
پی ٹی آئی
سی بی آئی نے آج مغربی بنگال کے وزیر ٹرانسپورٹ مدن مترا کو، کروڑ ہا روپے کے شاردا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ۔ یہ صورتحال ریاستی حکمراں ترنمول کانگریس کے لئے پریشانی کا باعث سمجھی جارہی ہے ۔ سی بی آئی کے ترجمان نے بتایا کہ سازش مجرمانہ ، دھوکہ دہی فنڈس کے تصرف بے جا اور شارداگروپ سے غیر مناسب انداز میں رقمی فوائد حاصل کرنے کے الزامات پر مدن مترا کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں انہیں5گھنٹوں تک شدید پوچھ تاچھ کے لئے تحویل میں لیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے سدیپتوسین اور شاردا گروپ کے مشیر قانونی نریش بلوڈیا کو بھی گرفتار کرلیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ بلوڈیا نے ایک مکتوب کا مسودہ تیار کیا تھا جو سدیپتو سین نے سی بی آئی کو بھیجا تھا ۔ قبل ازیں سی بی آئی نے ترنمول کانگریس کے دو ارکان پارلیمنٹ کنال گھوش اور سرنجوئے بوس کو بھی شاردا اسکام کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ہے ۔، ادھر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے ہفتہ کے دن وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو ایک علی الاعلان چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں گرفتار کر کے دکھائیں ۔ موجودہ صورتحال کو ہنگامی قرار دیتے ہوئے ممتا نے کہا کہ ’’ہندوستان کی موجودہ صورتحال ایمرجنسی جیسی ہوچکی ہے ۔ ہم ان تمام کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، ہمارا یہی موقف ہے ، میں مدن مترا سے ملاقات کے لئے ایس ایس کے ایم ہسپتال جاؤں گی ۔ میرا نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ کو یہ چیلنج ہے کہ وہ مجھے گرفتارکر کے دکھائیں اور یہ میرا کھلا چیلنج ہے ۔
ممتا نے اخباری نمائندوں سے یہ بات کہی ۔ ترنمول کانگریس سربراہ نے کہا کہ مترانے اپنا استعفیٰ سی بی آئی دفتر روانگی سے قبل پیش کردیا تھا ، لیکن وہ وزیرہی کی حیثیت سے برقرار رہیں گے ۔ ہم ان کا متبادل مقرر نہیں کریں گے باجود یہ کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ نامہ سی بی آئی دفتر روانگی سے قبل پیش کردیا تھا لیکن میں نے اسے منظور نہیں کیا ہے ۔ وہ وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے ہی رہیں گے، یہ ہمارا چیلنج ہے اور نئی جنگ کا آغاز ہے ۔ نریندر مودی اور امیت شاہ کے غنڈوں سے کہہ دو کہ مجھے گرفتار کرکے دکھائیں ۔ غضبناک بنرجی نے بی جے پی کو للکارتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس ، ہفتہ کے دن گلی گلی احتجاجی مظاہرے منظم کرے گی ۔ بنرجی نے کہا کہ ہمیں اقتدار کی ہوس نہیں اور بی جے پی کے خلاف میدان میں اترنے والی ہر جماعت کے ساتھ ہم مفاہمت کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ بنرجی نے چٹ فنڈ اسکام میں ملوث چند میڈیا اداروں اور ایک کمپنی کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی ، بی جے پی کا سیاسی ہتھکنڈہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروڑہا روپے کی مالیت پر مشتمل اسکام میں بے تحاشہ لوٹ مار کرنے والی وزیر فینانس کے قریب واقع دہلی کی ایک کمپنی بھی اس اسکام میں ملوث ہے ۔ کیا شاردا کفالت کے تحت کھیلنے والے سورو کنگولی اور سچن ٹنڈولکر بھی مجرم ہیں ؟ متعدد میڈیائی اداروں نے اس چٹ فنڈ کمپنی سے اشتہارات حاصل کئے تو کیا ان سب کے خلاف کاروائیاں کی جائیں گی؟ انہوں نے اخباری نمائندوں سے یہ استفسار کیا ۔ میں دنگا کرو(فسادی رہنما) سے کہوں گی کہ وہ تیار رہے ، اچھی طرح تیار رہے۔ ہم بھی تیار رہیں گے ۔ بنرجی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ۔ انہوں نے بی جے پی پر اقتدار کا ناروا استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کچھ دن قبل ایک بی جے پی قائد کی جانب سے ایک ریالی کے دوران گرفتاریوں کی دھمکی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے سی بی آئی پر حکومت کے قدم بہ قدم چلنے کا الزام عائد کیا ۔ مترا کی گرفتاری سے کچھ دیر بعد ہی بنرجی نے اخباری نمائندوں سے یہ بات کہی۔ ممتا نے کہا کہ مترا سے کہا گیا کہ وہ بطور گواہ طلب کئے گئے اور کچھ ہی گھنٹوں میں انہیں گرفتار بھی کرلیا جاتا ہے ۔ کیا یہ سیاسی انتقام نہیں ہے ؟ جب کہ انہیں افراد نے کہا تھا کہ بر سر اقتدار آنے کے بعد سیاسی انتقام پر مبنی کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئے گی ۔ انہوں نے سی بی آئی کے اس اقدام کو ناجائز اور غیر دستوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار کا ناجائز استعمال کررہی ہے ۔ اور جو کچھ سی بی آئی نے کیا ہے وہ بھی غلط، ناجائز اور غیر دستوری ہے ۔ مرکزی ایجنسی نے ریاستی حکومت یا اسمبلی اسپیکر کو اطلاع دئیے بغیر وزیر کو گرفتار کرتے ہوئے ایک غلط نشان چھوڑی ہے ۔

Saradha scam: CBI arrests West Bengal Minister Madan Mitra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں