ملک کے 8 تا 9 فیصد کی شرح نمو کا حصول ممکن - منموہن سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-13

ملک کے 8 تا 9 فیصد کی شرح نمو کا حصول ممکن - منموہن سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے جن کے دور میں ملک کی معیشت نے زائد از9فیصد کی شرح سے ترقی کی تھی، کہا ہے کہ ہندوستان8تا9فیصد کی شرح نمو حاصل کرسکتا ہے ، بشرطیکہ عالمیانہ کے فوائد سے استفادہ کے طریقوں پر قومی اتفاق رائے ہو۔ منموہن سنگھ نے فکی میں لکچر دیتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دیگر کئی ابھرتی ہوئی معیشتیں بہتر مظاہر ہ نہیں کررہی ہیں اسی لئے ہندوستان کے پاس موقع ہے کہ وہ6تا7فیصد کی شرح نمو کی طرف بڑھے اور اس کے بعد8فیصد شرح ترقی کا نشانہ حاصل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک عالمیانہ کے فوائد سے استفادہ کے دہانے پر کھڑا ہے اور وہ برآمدات کے ذریعہ اپنی درآمدات کے لئے مالیہ فراہم کرسکتا ہے ۔ آج ہم الگ تھلگ ہوکر ترقی نہیں کرسکتے۔ ہندوستان ایسے مقام پر ہے جہاں وہ اس صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتا ہے بشرطیکہ ہم آگے بڑھنے کے طریقہ کار پر بامعنی قومی اتفاق رائے پیدا کرسکیں ۔ سوائے ہندوستان کے دیگر ترقی پذیر معیشتیں جیسے برازیل ، روس اور جنوبی افریقہ زیادہ بہتر مظاہرہ نہیں کررہی ہیں۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ ہندوستان8 ta۹ فیصد شرح نمو کے دہانے پر کھڑا ہے ۔ ہم 8 تا9فیصد ترقی کے لئے کام کررہے ہیں ۔ ہمارے سامنے مواقع ہیں اور جوکھم ہیں۔
یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ ہندوستانی معیشت2008میں عالمی مالیاتی بحران سے متاثر ہونے سے قبل تین سال تک زائد از9فیصد کی شرح سے ترقی کررہی تھی تاہم سال2012-13اور2013-14کے دوران شرح نمو5فیصد سے کم ہوگئی ۔ جاریہ مالیاتی سال کے دوران حکومت نے5.4تا5.9فیصد کی شرح نمو ہونے کا اندازہ کیا ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے مسائل جیسے غربت ، جہالت اور امراض کا حل صرف تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت میں مضمر ہے ۔ اس بات پر وسیع تر اتفاق رائے پایاجاتا ہے کہ ہمیں بیروزگاری کے مسئلہ پر قابو پانے سالانہ10تا12ملین روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوگا جس کے لئے8تا9فیصد کی شرح نمو درکار ہے ۔

India can achieve 8 percent growth rate: Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں