سی بی آئی دفتر وزیراعظم کے محکمہ کے طور پر کام کر رہا ہے - ممتا بنرجی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-19

سی بی آئی دفتر وزیراعظم کے محکمہ کے طور پر کام کر رہا ہے - ممتا بنرجی کا الزام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کے خلاف مبینہ سیاسی انتقامی کاروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے بھی جے پی پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت سی بی آئی کو ایک سیاسی آلہ کے طور پر استعمال کررہی ہے اور پی ایم او کے محکمہ کے طور پر کام کررہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم ایسی واحد جماعت ہیں جو بی جے پی کے خلاف لڑ رہے ہیں جو ٹی ایم سی کو منہدم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ یہ مغربی بنگال کے وزیر ٹرانسپورٹ مدن مترا کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے ۔ بی جے پی ہم سے حسد کرتی ہے لیکن جمہوریت کو ختم یا مسلط نہیں کیاجسکتا ۔ بی جے پی آمرانہ رویہ کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ ترنمول کانگریس ملک کے عوام کے علاوہ کسی کے آگے نہیں جھکے گی ۔ یہ ایک سیاسی لڑائی ہے اور وہ اسے سیاسی و جمورہ طور پر لڑے گی ۔ آپ ہماری آواز کو بند نہیں کرسکتے ۔ ممتابنرجی نے پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ شاردا چٹ فنڈ اسکام میں ان کی پارٹی کا کوئی رول نہیں ، کیونکہ یہ واقعہ ان کے دور حکومت میں پیش نہیں آیا ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ سی بی آئی کے پاس ایسے کئی کیس ہیں جن کا اب تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے ۔ یہ(سی بی آئی) خود مختار ادارہ نہیں ہے، بلکہ دفتر وزیر اعظم کا ایک محکمہ ہے۔ اگر سی بی آئی اہم ہے تو انہیں عوام کے مفاد میں کام کرنا چاہئے ۔ ہندوستان کے پہلے نوبل امن انعام یافتہ رابندر ناتھ ٹیگور کے نوبل میڈل کا سرقہ کرلیا گیا ۔ اس کا بھی ابھی تک پتہ نہیں چلایاجاسکا ہے کہ کیا سی بی آئی نے اس کیس کو بند کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیانیشوری حادثہ کیس(2010) میں تقریباً200افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ اس وقت کے وزیر ریلوے کی حیثیت سے میں نے سی بی آئی تحقیقات شروع کروائی تھی ، لیکن کچھ نہیں ہوا ۔ سنگور میں رضوان الرحمن کیس ، نندی گرام میں نیتائی کیس میں بھی اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے تو کیا سی بی آئی حکومت کی آلہ کار ہے ۔ اگر آپ مجھ سے سی بی آئی کے رول کے بارے میں دریافت کریں تو یہ مکمل طور پر سیاسی انتقامی کارروائی ہے ۔ انہوں نے مدن مترا کی مدافعت کرنے کی کوشش کی جنہیں سی بی آئی نے شاردا اسکام کے سلسلہ میں گرفتار کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس ایسی واحد جماعت ہے جس کا کسی بھی اسکام میں کوئی رول نہیں ۔ اگر آپ ہمارے رکن پارلیمنٹ کنال گھوش کی بات کریں جنہیں گرفتار کرلیا گیاہے تو ہم نے تین یا چار صحافیوں کو نامزد کیا تھا کیوں کہ میڈیا کی جانب سے کوئی نمائندگی نہیں کی گئی تھی ۔ ان کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
جو لوگ اسکامس کی بات کرتے ہیں انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ شاردا اسکام ہماری حکومت کے دور میں نہیں ہوا ۔ یہ واقعہ2001تا2006کے درمیان پیش آی اتھا ۔ اس وقت بائیں محاذ کی حکومت تھی اور صرف بنگال میں ہی نہیں ۔ بلکہ کیرالا، تریپورہ ، آسام اور اوڈیشہ میں بھی یہی حکومت تھی۔ چٹ فنڈ غیر قانونی نہیں ہے ۔ لیکن چٹ فنڈ کے نام پر رعوام کو دھوکہ دینا یقیناًغیر قانونی ہے ۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت نے ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیا تھا جس کے بعد شاردا اسکام کے ذمہ داران نے ان افراد میں ڈھائی سو کروڑ روپے تقسیم کیے جو پونزی اسکام میں اپنی رقومات سے محروم ہوگئے تھے ۔ جن افراد نے شفافیت سے کام لیا انہیں ڈاکو قرار دیاجارہا ہے اور جو چوری کرتے ہیں وہ ملک کے قائدین بن بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے ایک بنگالی کہاوت دہراتے ہوئے کہا کہ چور کی ماں ہی سب سے اونچی آواز میں الزامات عائد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے دھوکہ دیا وہ اب بی جے پی کے ساتھ بہت خوش ہیں اور جن افراد کو دھوکہ دیا گیا ہے انہیں گرفتار کیاجارہا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ کہیں بھاگنے والی نہیں اور بنگال کے عوام انہیں( بی جے پی) کو یہاں سے بھگادیں گے ۔

Prime Minister's office controls CBI: Mamata Banerjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں