پی ٹی آئی
سی پی آئی ایم نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ تبدیلی مذہب کے مسئلہ پر راجیہ سبھا میں مباحث سے’’بھاگ رہے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ یکطرفہ بیانات جاری کرنے اور کسی بات کا جواب نہ دینے کے عادی ہوچکے ہیں۔ سینئر پارٹی قائد سیتا رام یچوری نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ(مودی) جو اب دینے سے بھاگ رہے ہیں۔ بد قسمتی سے وزیر اعظم ٹوئٹر، فیس بک اور بلاگس کے ذریعہ یکطرفہ بیانات جاری کرنے کے عادی ہوچکے ہیں ۔ وہاں کوئی سوالات نہیں کرسکتا اور آپ کو جواب دینے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ انہوں نے یہ تبصرہ مسلسل چوتھے دن ایوان بالا کی کارروائی معطل ہوجانے کے بعد کیا کیوں کہ اپوزیشن تبدیلی مذہب کے مسئلہ پر مباحث پر مودی سے جواب کا مطالبہ کررہی تھی، تاہم حکومت نے اس مطالبہ کو یکسر مسترد کردیا ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ وزیر اعظم آج ایوان میں موجود تھے لیکن انہوں نے مباحث پر جواب دینے سے اتفاق نہیں کیا ، یچوری نے کہا ’’کافی دنوں کے بعد پردھان منتری کی گھر واپسی ہوگئی ہے ۔‘‘ واضح رہے کہ آر ایس ایس ۔ وی ایچ پی کی جانب سے تبدیلی مذہب کے پروگراموں کو’’گھر واپسی‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اسمبلی ہی وہ واحد مقام ہے جہاں حکومت یا عاملہ جواب دہ ہوتی ہے جب کہ عوامی نمائندے عوام کو جواب دہ ہوتے ہیں ۔ یہی ہمارے دستور کا مرکزی عنصر ہے جس کی حکومت خلاف ورزی کررہی ہے ۔
PM Avoiding discussions on conversion, Yechury
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں