انشورنس کوئلہ آرڈیننس پر صدر جمہوریہ کے دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-27

انشورنس کوئلہ آرڈیننس پر صدر جمہوریہ کے دستخط

نئی دہلی
پی ٹی آئی
انشورنس کے شعبہ میں غیر ملکی راست سرمایہ کاری میں اضافہ کی راہ ہموار کرتے ہوئے اور کوئلہ کی منسوخ شدہ کانوں کو دوبارہ مختص کرنے کی سمت قدم بڑھاتے ہوئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے دستخط کردئیے ہیں ۔ حکومت نے دو شعبوں میں اصلاحات کی سمت قدم آگے بڑھانے کے لئے ان آرڈیننس کی اجرائی کا فیصلہ کیا تھا۔سرمائی اجلاس کے دوران اس سلسلہ میں پیش کردہ بلوں کو منظوری حاصل نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے حکومت نے آرڈیننس کا راستہ اختیار کیا۔ پریس سکریٹری وینو راجہ منی نے بتایا کہ صدر جمہوریہ نے ان آرڈیننس پر دستخط کردئیے ہیں ۔ کابینہ نے انشورنس بل اور کوئلہ آرڈیننس کو کل منظوری دے دی ۔ ایک دن پہلے ہی پارلیمنٹ کا اجلاس ختم ہوا تھا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے امید ظاہر کی ہے کہ آرڈیننس کی اجرائی کے بعد بیمہ کے شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حد میں49فیصد کا اضافہ ہوگا۔ یہ معاملہ2008ء سے زیر التوا ہے ۔ وزیر فینانس نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی حد میں اضافہ کے نتیجے میں چھ سے 8بلین امریکی ڈالرس کی سرمایہ کاری ہوسکتی ہے ۔ قبل ازیں اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی حد 26فیصد مقرر کی گئی تھی ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ آرڈیننس کی اجرائی معیشت کو تیز کرنے حکومت کے اصلاحی اقدامات کے تئیں پابند عہد ہونے کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک اصلاحات کے لئے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس تک انتظار نہیں کرسکتا ۔ کوئلہ کی کانیں (خصوصی ضابطہ)2014ء کو جاریہ سیشن کے دوران لوک سبھا میں منظوری دی گئی تھی لیکن راجیہ سبھا میں اس معاملہ پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ اس آرڈیننس کے ذریعہ سپریم کورٹ کی جانب سے منسوخ کردہ کوئلہ بلاکس کو حکومت دوبارہ مختص کرے گی ۔ کابینہ نے کوئلہ بلاکس کے ای آکشن کے لئے آرڈیننس میں20فیصد سفارشات کئے ہیں ۔

President Pranab Mukherjee inks ordinances for insurance, coal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں