تلنگانہ بچاؤ مہم شروع کرنے طلبہ کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

تلنگانہ بچاؤ مہم شروع کرنے طلبہ کا منصوبہ

حیدرآباد
یو این آئی
شہر حیدرآباد کی عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے 5دسمبر کو ریاستی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر جلسہ منعقد کیاجائے گا ۔ طلبہ کی بیشتر تنظیموں نے تلنگانہ بچاؤ مہم کی شروعات کا منصوبہ بنایا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کیمپس میں ریاگینگ کے واقعات کو روکا جائے ۔ طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایک لاکھ ملازمین مہیا کرنے ٹی آر ایس کے انتخابی وعدے کی تکمیل کے لئے پبلک سروس کمیشن قائم کیاجائے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے بیروزگار طلبہ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر کلیان نے کہا کہ ریاستی حکومت کے چھ ماہ مکمل ہوچکے ہیں ۔ لیکن حکومت ایک لاکھ ملازمین مہیا کرنے کے اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی ، تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کے لئے چلائی گئی تحریک کا مرکز رہی ہے ۔ طلبہ نے بڑے پیمانے پر اس تحریک کے دوران احتجاج کیا تھا اور کیمپس میں صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی ۔ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے حکومت کے اعلان کی طلبہ تنظیمیں مخالفت کررہی ہیں ۔ ان کا ماننا ہے کہ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے سے بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوان ملازمت کے مواقع سے محروم ہوجائیں گے ۔ ان طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ نہ بنایاجائے ۔

OU students save telangana compaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں