جموں و کشمیر - دوسرے مرحلہ میں 72 فیصد پولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

جموں و کشمیر - دوسرے مرحلہ میں 72 فیصد پولنگ

سری نگر
یو این آئی
ریاست جمون و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی عوام نے علیحدگی پسندقائدین کی انتخابی بائیکاٹ اپیلوں پر توجہ نہ دیتے ہوئے بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت جموں و کشمیر کے18اسمبلی حلقوں میں پولنگ کا عمل بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے اختتام کو پہنچ گیا اور قریب 72فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ دوسری طرف جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلے میں سخت سیکوریٹی کے درمیان20اسمبلی نشستوں کے لئے پولنگ پر امن طور پر ختم ہوگئی اور65.64فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات میں70فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ ہی18انتخابی حلقوں کے لئے175امیدواروں کی تقدیر کا فیصلہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں محفوظ ہوگیا ۔ ووٹنگ صبح آٹھ بجے سے شام کے چار بجے تک جاری رہی ۔ اگرچہ پولنگ اپنے مقررہ وقت پر صبح آٹھ بجے ہی شروع ہوئی ، تاہم ٹھٹرادینے والی سردی اور شدید دھند کے باعث وادی کشمیر اور جموں خطے کے بعض سرد علاقوں میں پولنگ کے آغاز میں بوتھوں پر غیر معمولی بھیڑ بھاڑ دیکھنے کوملی ۔ ان میں وادی کشمیر کے سبھی حلقہ جات اور جموں خطے کے پونچھ حویلی ، مینڈھر ، گلاب گڈھ اور گول ارناس حلقے شامل ہیں ۔ تاہم دن ڈھلنے کے ساتھ ساتھ ان حلقہ جات میں قائم پولنگ بوتھوں پر بھی رائے دہندگان کی طویل قطاریں دیکھنے کو ملیں ۔ جموں خطہ کے رام نگر ، ریاستی ، اودھم پور اور چنانی حلقہ جات میں منگل کو پولنگ کے مقررہ وقت سے قبل ہی پولنگ بوتھس کے باہر رائے دہندگان کی طویل قطار یں نظر آئیں جو بے صبری کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کررہے تھے ۔
گلگام سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کشمیر میں ووٹرس نے علیحدگی پسندوں کی جانب سے بائیکاٹ کی اپیل کی خلاف ورزی کی ہے لیکن جنوبی کشمیر کے اس حلقہ گلگام میں چار مراکز پر رائے دہی صفر ووٹ پول ہوئے جہاں رائے دہندوں نے اجتماعی طور پر سیکوریٹی فورسس کی جانب سے ہراسانی اور ترقی کے معاملہ میں امتیاز برنے کا الزام لگاتے ہوئے جمہوری عمل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ جموں و کشمیر کے الکٹورل آفیسر امنگ نرولا نے دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کے اختتام پر جموں میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چار پولنگ اسٹیشنس ایسے تھے جہاں زیرو ووٹ ڈالے گئے ۔

72 Percent Polling in 2nd Phase in JK Polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں